سمندری طوفان کے باعث لاپتہ ہوجانے والے بھارتی نیول کمانڈر کو بچا لیا گیا


بھارتی نیوی افسر راؤنڈ دا ورلڈ سولو ریس کے درمیان دو روز قبل لاپتہ ہوئے تھے۔ فوٹو : ٹویٹر
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جمعے کے روز سمندری طوفان میں پھنس جانے والے بھارتی نیوی کے کمانڈر ابھیلاش ٹومی کو گزشتہ شب ریسکیو کر لیا گیا ہے۔ بھاری نیول کمانڈر کشتی رانی کے عالمی مقابلے 'دنیا کے گرد چکر' کے سولو ریس میں حصہ لے رہے تھے۔
بھارتی نیول افسر بین الاقوامی ریسکیو مشن کے دوران مغربی آسٹریلیا کے ساحل سے 3 ہزار 5 سو کلو میٹر دور سمندروں کے بیچوں بیچ اپنی کشتی میں زخمی حالت میں پائے گئے تھے۔ ریسکیو مشن میں آسٹریلوی، فرانسیسی اور بھارتی نیوی کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔
سمندر میں 130 کلو میٹر فی گھنٹا کی رفتار سے چلنے والی طوفانی ہواؤں کے تھپیڑوں سے 39 سالہ ابھیلاش کے کمر کی ہڈی میں فریکچر ہوا ہے اور 48 گھنٹے بعد انہیں پینے کو پانی ملا جس کے باعث وہ کافی کمزوری اور نقاہت کا شکار ہیں۔ انہیں فرانسیسی بحری جہاز کے ذریعے محفوظ مقام پر تبدیل کیا جا رہا ہے۔
بھارتی بحریہ کے کمانڈر کشتی رانی کے عالمی مقابلے کے درمیان سمندری طوفان کے باعث اپنے راستے سے بھٹک گئے تھے اور مقابلے کے منتظمین سے ان کا رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ دو دن کی تلاش کے بعد بھیلاش کی کشتی کو آسٹریلوی ساحل سے دور دیکھا گیا تھا۔
واضح رہے کہ گولڈن گلوب ریس ' راؤنڈ دا ورلڈ سولو ریس 2018' کا آغاز یکم جولائی کو فرانس میں ہوا تھا۔ 30 ہزار میل طویل ریس میں 18 کشتی ران حصہ لے رہے ہیں۔ کشتی رانوں کو طویل اور کٹھن سفر بغیر کسی بیرونی مدد اور جدید سہولیات کے اکیلے ہی طے کرنا ہے۔