بالی ووڈ اداکارادیتیہ پنچولی کا بیٹا جیاخان خودکشی کیس میں شامل تفتیش

جیا خان نے خودکشی کرنے سے قبل موبائل فون پرآخری بات ادیتیہ پنچولی کے بیٹے سورج پنچولی سے کی تھی، پولیس

جیا بالی ووڈ میں خاطر خواہ کامیابی نہ ملنے پر اپنے مستقبل کے بارے میں کافی فکرمند تھیں، والدہ جیا خان، فوٹو:فائل 

اداکارہ جیا خان کی خودکشی کے حوالے سے تحقیقات کے دوران پولیس نے ادیتیہ پنچولی کے بیٹے سورج پنچولی سے پوچھ گچھ کی ہے۔

بھارتی اخبار کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ جیا خان نے خودکشی کرنے سے قبل موبائل فون پر جس شخص سے آخری بات کی تھی وہ ادیتیہ پنچولی کے بیٹے سور ج پنچولی تھے اوریہ بات رات 10 بج کر 40 منٹ پرکی گئی، پولیس کے طلب کرنے پر سورج پنچولی اپنے والدین کے ہمراہ ممبئی کے جوہو پولیس اسٹیشن گئے اور اپنا بیان ریکارڈ کرادیا، پولیس نے جیا خان کے گھر میں کام کرنے والی ملازمہ، اپارٹمنٹس کے چوکیدار اور محلے والوں سے بھی معلومات حاصل کیں تاکہ واقعے کی اصل حقیقت کا پتہ چلایا جا سکے۔


جیا خان کی والدہ رضیہ خان نے پولیس کو بتایا کہ جیا بالی ووڈ میں خاطر خواہ کامیابی نہ ملنے پر اپنے مستقبل کے بارے میں کافی فکرمند تھیں اوروہ 2 جون کو حیدرآباد میں ایک آڈیشن دینے بھی گئیں جس میں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جیا خان کی تدفین لندن سے ان کے رشتہ داروں اور دوستوں کے بھارت آنے پرکی جائے گی۔

واضح رہے کہ جیا خان کی لاش کل رات جوہو میں ان کے اپارٹمنٹ کے کمرے میں پنکھے سے لٹکی ہوئی پائی گئی تھی، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق جیا کی موت رات 11 سے ساڑھے گیارہ کے درمیان واقع ہوئی۔
Load Next Story