KARACHI:
آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی سے قبل کھیلے گئے وارم اپ میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو 243 رنز سے ہرادیا۔
کارڈف میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنائے۔ بھارت کی بیٹنگ کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف 55 رنز پر اس کے 5 کھلاڑی پولین لوٹ چکے تھے تاہم پھر دنیش کارتھک اور کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے بھرپور کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 211 رنز کی شاندار شراکت قائم کی، دنیش کارتھک 146 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ دھونی 91 بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ بھارت کا کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا اور ایم وجے ایک، دھون 17، ویرات کوہلی 9 اور روہت شرما 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ سریش رائنا بغیر کوئی رن بنائےپویلین لوٹ گئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک اور میکے نے 2،2 جبکہ مچل جونسن اور فالکرن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
309 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوئی اور محض 65 رنز پر اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔ آسٹریلیا کے صرف 2 کھلاڑی ڈبل فگر عبور کرسکے جبکہ 3 کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ بھارت کے یو ٹی یادؤ نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اشانت شرما نے 3 اور اشون نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔