چنڈیلا پر جوا کھیلنے سے بکیز کو 80 لاکھ روپے کا نقصان

گلے میں لٹکتے لاکٹ کو چوم کر اوور میں 14رنز دینے کا اشارہ کیا مگر عمل نہ کرسکے


Sports Desk June 05, 2013
گلے میں لٹکتے لاکٹ کو چوم کر اوور میں 14رنز دینے کا اشارہ کیا مگر عمل نہ کرسکے۔ فوٹو : فائل

فکسنگ کیس میں گرفتار دہلی کے بکی ایشوانی اگروال عرف تنکو نے انکشاف کیا ہے کہ اجیت چنڈیلا پر جوا کھیلنے سے اسے 80 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔

اس نے بتایا کہ 17 اپریل کو ممبئی انڈینز کے خلاف میچ میں راجستھان رائلز کے چنڈیلا نے اپنے گلے میں لٹکتے ہنومان کے لاکٹ کو چوم کر اگلے اوور میں 14 رنز دینے کا اشارہ کیا، جس پر میں نے 30 لاکھ روپے داؤ پر لگا دیے مگر صرف 6 رنز بنے، جب میچ کے بعد چنڈیلا سے پوچھا گیا تو اس نے کہا میں نے تو بیٹسمین کو پورا موقع فراہم کیا مگر اس نے رنز نہیں بنائے تو میں کیا کروں، اسی طرح میں نے 22 اپریل کو چنئی کیخلاف میچ میں پھر چنڈیلا کے ایک اوور پر 30 لاکھ روپے لگائے مگر اس بار بھی مطلوبہ رنز نہیں بنے، ایک اور موقع پر میں 20 لاکھ روپے کی شرط ہارا۔



دریں اثنا چنئی کی سی آئی ڈی نے فکسنگ کیس میں وکرم اگروال عرف وکٹر کے ہوٹل کے مخصوص کمروں کی ویڈیو فوٹیج حاصل کرلی، پولیس کو شبہ ہے کہ وکرم ان کمروں کو آئی پی ایل میچز میں سٹے بازی کیلیے کنٹرول روم کے طور پر استعمال کرتا تھا۔

ایک آفیسر کا کہنا ہے کہ ہم نے 22 کمروں کی 14 دنوں پر مشتمل فوٹیج حاصل کی، اب ہمیں سیکڑوں گھنٹوں پر محیط اس فوٹیج کا جائزہ لے کر دیکھنا ہے کہ ان دنوں وہاں پر کیا کچھ ہوتا رہا ہے۔ واضح رہے کہ ممبئی پولیس کرائم برانچ کے آفیشلز نے تین روز تک وکرم سے پوچھ گچھ کی اور اب وہ بدھ کو دوبارہ پولیس کے سامنے پیش ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں