اے پی این ایس اور اخبار فروش فیڈریشن کا مشترکہ اجلاس

اس مشترکہ اجلاس میں ملک بھر کے اخبار فروشوں کو در پیش مسائل پر غور و خوض کیا گیا۔


Press Release June 05, 2013
یوم اخبار فروشاں پر تمام اخبارات میں بھی رنگین ایڈیشن شائع کروانے کی کوشش کی جائے گی اور یوم اخبار فروشاں پر فیڈریشن ایک مرکزی تقریب منعقد کرے,سیّد سرمد علی. فوٹو : فائل

آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی اور آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے عہدیداران کا ایک مشترکہ اجلاس زیر صدارت سیّد سرمد علی صدر اے پی این ایس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں ممبر ایگزیکٹو بورڈ اعجاز الحق (ایکسپریس) خوشنود علی خان (جناح) مہتاب خان (اوصاف) اور سیکریٹری مالیات اے پی ایس وسیم احمد، ٹکا خان سیکریٹری جنرل آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے علاوہ راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ، فیصل آباد ، رحیم یار خان، ملتان، سیالکوٹ، پشاور، آزاد کشمیر، بلوچستان اور سندھ سے اخبار فروش رہنمائوں نے شرکت کی۔ اس مشترکہ اجلاس میں ملک بھر کے اخبار فروشوں کو در پیش مسائل پر غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں سیّد سرمد علی صدر اے پی این ایس نے کہا کہ اس وقت ہمارے تعلقات اخبار فروش فیڈریشن کے ساتھ مثالی ہیں اور ہماری تنظیم فیڈریشن کی قیادت ٹکا خان کی بے پناہ عزت کرتی ہے اور اخبار فروشوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہمارا بھرپور تعاون فیڈریشن کو حاصل ہو گا۔

اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ اخبار فروشوں کی اخبار مارکیٹیں (میڈیا سینٹرز) کے قیام اور اخبار فروشوں کے رہائشی مسائل، حادثاتی انشورنس، اخبار فروش ویلفیئر ٹرسٹ اور اخبار فروشوں کو صنعتی کارکن کی حیثیت دلوانے کیلیے ای او بی آئی کی ممبر شپ اور حج کوٹہ مقرر کروانا، موٹر سائیکلز پر ایکسائز ڈیوٹی معاف کروانا اور ان تمام امور کے حصول کیلیے آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن اور آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی کی ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دی جائیگی جوکہ وزیراعظم پاکستان اور صوبائی وزراء اعلیٰ سے رابطہ کریگی اور ان سے ملاقات کرکے اخبار فروشوں کے ان مسائل کو حل کروائے گی۔

اجلاس میں صدر اے پی این ایس سیّد سرمد علی نے کہا کہ یوم اخبار فروشاں پر تمام اخبارات میں بھی رنگین ایڈیشن شائع کروانے کی کوشش کی جائے گی اور یوم اخبار فروشاں پر فیڈریشن ایک مرکزی تقریب منعقد کرے جس میں اے پی این ایس کے عہدیداران شرکت کریں گے اور اس تقریب کے انعقاد میں ہم فیڈریشن کیساتھ تعاون کریں گے، اس موقع پر اعجاز الحق سی ای او روزنامہ ایکسپریس نے بھی کہا کہ اے پی این ایس کے ہر فیصلے پر جو کہ فیڈریشن کے ساتھ ہو گا عمل درآمد کیا جائے گا۔ اجلاس میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ اخبار فروش کے کمیشن کے حوالے سے مقررہ وقت دونوں تنظیمیں بیٹھ کر مشترکہ اور متفقہ فیصلہ کریں گی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ٹکا خان نے سیّد سرمد علی اور ان کے رفقاء کا شکریہ ادا کیا ۔ اس اجلاس کے دو سیشن منعقد ہوئے پہلا سرینا ہوٹل اسلام آباد اور دوسرا اجلاس اخبار مارکیٹ اسلام آباد میں منعقد ہوا، اجلاس میں مندرجہ ذیل عہدیداران فیڈریشن نے شرکت کی۔ ان میں راولپنڈی سے شفیق ستی صدر، عقیل عباسی جنرل سیکریٹری، عزیز ستی، حنیف عباسی، اسلام آباد سے چوہدری محمد شریف صدر، ملتان بلال، گوجرانوالہ احمد نواز بھٹی، اقبال حسن، فیصل آباد شکیل، رحیم یار خان سہیل پاشا، پشاور انور خان، یوسف شاہ، عبد الحلیم، خیوا خان، نذیر باغی سیالکوٹ، میر احمد بلوچ کوئٹہ، شبیر حسین گیلانی آزاد کشمیر بھی شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں