اے پی این ایس نے سرکاری اشتہارات پر عائد معطلی کا فیصلہ واپس لے لیا

اے پی این ایس نےنگراں حکومت کےدور میں سرکاری اشتہارات پرعائدمعطلی کے فیصلے کو فوری طور پر واپس لینے کا اعلان کیا ہے۔

اے پی این ایس نےنگراں حکومت کےدور میں سرکاری اشتہارات پرعائدمعطلی کے فیصلے کو فوری طور پر واپس لینے کا اعلان کیا ہے۔ فوٹو: فائل

آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) نے ہمیشہ جمہوری روایات و اقدار کی پاسداری کی ہے اور ملک میں ''آزادی اظہار'' اور ''جاننے کے حق''کے تحفظ کیلیے جمہوری نظام کی ترویج کیلیے جدوجہد کی ہے۔


اے پی این ایس کے عہدیداران و اراکین نے ایک سول حکومت کی جانب سے نومنتخب نمائندوں کو اقتدار کی پرامن منتقلی کا خیر مقدم کیا ہے۔ اراکین کا متفقہ خیال ہے کہ منتخب ہونے والی نئی حکومت معیشت کو بدحالی سے نکالنے کیلیے مثبت اقدامات کریگی اور ملک کو ترقی و خوشحالی کے نئے دور کی جانب گامزن کریگی۔ اے پی این ایس نے نئی حکومت کے خیرمقدم اور اس کیلیے خیرسگالی کے جذبات کے اظہار کیلیے نگراں حکومت کے دور میں سرکاری اشتہارات پر عائد معطلی کے فیصلے کو فوری طور پر واپس لینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ پابندی سال 2008-2012 کی مدت کے 160 کروڑ روپے کے واجبات کی ادائیگی کیلیے عائد کی گئی تھی۔

اے پی این ایس نے امید ظاہر کی ہے کہ نئی حکومت وفاقی حکومت کے اشتہارات کی مد میں واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے اخباری صنعت کو درپیش معاشی بدحالی ختم کرنے کیلیے مثبت اقدامات کریگی۔ اے پی این ایس نے توقع ظاہر کی ہے کہ وفاقی حکومت اقتدار پر فائز ہونے کے بعد جلدازجلد اے پی این ایس کی قیادت سے ملاقات کریگی تاکہ اخباری صنعت کو درپیش مسائل حل کیے جاسکیں۔اے پی این ایس کے سیکریٹری جنرل نے تمام رکن مطبوعات اور اشتہاری ایجنسیوں سے درخواست کی ہے کہ وہ وفاقی حکومت کی وزارتوں، محکموں، خودمختار و نیم خود مختار اداروں کی جانب سے جاری کردہ اشتہارات کی حسب معمول اشاعت کریں۔
Load Next Story