نومنتخب اسپیکر ایاز صادق اور عمران خان بچپن کے دوست ہیں

97 میں موجودہ اسپیکر نے چیئرمین کے ساتھ تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑا

فوٹو: فائل

قومی اسمبلی کے نو منتخب اسپیکراور لاہور سے تحریک انصاف کے سربراہ و قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کو 2 بار مسلسل ہرانے والے ایاز صادق عمران خان کے بچپن کے دوست اور تحریک انصاف کے بانیوں میں سے نکلے۔

دونوں کے درمیان اسکول کے زمانے سے دوستی رہی۔ طالب علمی کے زمانے میں ایک بار ایچی سن کالج میں ہاکی کھیلنے کے دوران عمران خان غیر دانستہ طور پر ایاز صادق کے ہاتھوں ہاکی لگنے سے زخمی بھی ہوگئے تھے۔ عمران سے دوستی کی وجہ سے ایاز صادق تحریک انصاف میں نا صرف شامل ہوئے بلکہ فروری 1997میں ہونے والے عام انتخابات میں عمران خان لاہور سے جس قومی اسمبلی کی نشست کے لیے امیدوار تھے، اسی حلقے کی صوبائی نشست پر سردار ایاز صادق نے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر پنجاب اسمبلی کے لیے انتخاب لڑا تاہم دونوں ہی کامیاب نہ ہوسکے۔




رپورٹ کے مطابق 1997کے انتخابات کے بعد سردار ایاز صادق تحریک انصاف سے دور ہوگئے اور ایک سال بعد یعنی 1998میں انھوں نے نواز شریف سے ان کی جلاوطنی کے دوران سعودی عرب میں ملاقات کی اور ن لیگ میں شامل ہوگئے۔سردار ایاز صادق نے ن لیگ میں شمولیت کے بعد2002 کے انتخابات میں لاہور سے حصہ لیا اور قومی اسمبلی کی نشست پر اپنے پرانے دوست اور سابق قائد عمران خان کو شکست دے کر قومی اسمبلی پہنچے۔ سردار ایاز صادق 2008میں دوبارہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور 2013کے انتخابات انھیں ایک بار پھر اپنے پرانے دوست عمران خان کے مدِمقابل لے آئے۔
Load Next Story