انٹرنیشنل ہاکی کی میزبانی دوبارہ پاکستان کو مل گئی

ایونٹ17سے31 دسمبر تک لاہور میں شیڈول،5 اکتوبر تک ٹیموں کی تصدیق


Mian Asghar Saleemi September 26, 2018
ایونٹ17سے31 دسمبر تک لاہور میں شیڈول،5 اکتوبر تک ٹیموں کی تصدیق۔ فوٹو: فائل

6 ملکی انٹرنیشنل ہاکی ٹورنامنٹ کی میزبانی دوبارہ پاکستان کو مل گئی، ایف آئی ایچ نے گرین سگنل دیدیا۔

پاکستان 14سال کے طویل عرصہ سے انٹرنیشنل سطح کے ہاکی ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے سے محروم ہے، آخری بار پاکستان نے 2004 میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کی تھی۔ پی ایچ ایف کی کوششوں کے بعد ایف آئی ایچ نے چھ ملکی ٹورنامنٹ کی میزبانی پاکستان کوسونپی تاہم ترکی اوراومان کے انکار کے بعد اسے چار ملکی ٹورنامنٹ تک محدود کردیا گیا، بعد ازاں قازقستان اوربنگلہ دیش کی طرف سے بھی معذرت آنے کے بعد یہ ایونٹ ملتوی کردیا گیا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے مذکورہ ٹیموں کی شرکت کویقینی بنانے کیلیے ایشین ہاکی فیڈریشن کو باقاعدہ خط لکھا گیا، ذرائع کے مطابق ایف آئی ایچ کی طرف سے اس خط کا جواب آیا گیا ہے جس میں6 ملکی ٹورنامنٹ کی میزبانی ایک بارپھرپاکستان کوسونپی ہے۔ ذرائع کے مطابق رواں ماہ شیڈول 6 ملکی انٹرنیشنل ہاکی ٹورنامنٹ اب 17 تا 31 دسمبر تک لاہور میں کھیلا جائیگا۔

سیکرٹری پی ایچ ایف شہباز احمد سینئر نے ایکسپریس کو بتایا کہ اے ایچ ایف نے ٹورنامنٹ ری شیڈول کردیا ہے اور شریک ٹیموں کی کنفرمیشن تاریخ 5 اکتوبر مقرر کی ہے۔ ایونٹ میں پاکستان کے علاوہ اومان، قطر، بنگلہ دیش، سری لنکا، قازقستان اور افغانستان کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔

سیکریٹری فیڈریشن کے مطابق ایونٹ کے کامیاب انعقاد سے نہ صرف پاکستان میں ہاکی کے سونے میدان آباد ہونگے بلکہ شائقین کو بھی دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ کہ پاکستان ہر حوالے سے محفوظ ملک ہے، کھلاڑیوں کی حفاظت کیلیے تمام تر انتظامات کیے جائیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں