تھوڑا کھیلو اچھا کھیلو وسیم اکرم کا پاکستان کو مشورہ

زمبابوے جیسے ممالک میں جاکر 5، 5 میچز کی سیریز کھیلنے کا کوئی فائدہ نہیں۔


Sports Desk September 26, 2018
زمبابوے جیسے ممالک میں جاکر 5، 5 میچز کی سیریز کھیلنے کا کوئی فائدہ نہیں، وسیم اکرم۔ فوٹو: فائل

سابق اسپیڈ مرچنٹ وسیم اکرم نے پاکستان ٹیم کو مشورہ دیا ہے کہ 'تھوڑا کھیلو اچھا کھیلو'۔

وسیم اکرم ایشیا کپ میں پاکستان ٹیم کی روایتی حریف بھارت کیخلاف پرفارمنس پرشدید برہم اور اسے انتہائی مایوس کن قرار دیتے ہیں، انھوں نے کہاکہ میں نے پاکستان کی جانب سے 20 سال تک کرکٹ کھیلی اور کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ یہ دن دیکھنے کے لیے زندہ رہوں گا،ایشیا کپ میں ہماری ٹیم کو یکطرفہ مقابلوں میں رسوا کن ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

سابق کپتان نے کمزور ٹیموں کے خلاف کم میچز کھیلنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں نچلے رینک کی ٹیموں کے ساتھ کم میچز کھیلنے کی ضرورت ہے، میں خود اس بات کے حق میں ہوں کہ ہمیں کھیل کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینا چاہیے، مگر اس مقصد کیلیے کسی بھی چھوٹی ٹیم سے ایک میچ کھیلنے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے لیکن زمبابوے جاکر وہاں پر 5 ون ڈے اور 3 ٹوئنٹی 20 میچز کھیلنے سے کیا فائدہ، پاکستان کو اس قسم کے ٹورز سے کچھ بھی حاصل نہیں ہوسکتا، وہاں پر ہمارے کھلاڑی جاکر رنز کے انبار لگاتے ہیں، ڈبل سنچریاں اسکور کرتے ہیں لیکن جب ان کا سامنا اچھی بولنگ اور اچھی ٹیموں سے ہوتا ہے تو وہ دبائو کا شکار ہوجاتے ہیں۔

وسیم اکرم نے کہا کہ ہمیں اپنی ٹیم کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے اور اس مقصد کیلیے اچھی ٹیموں کے خلاف ان کے ہوم گرائونڈز پر زیادہ سے زیادہ کھیلنا ہوگا، ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے چاہے وہ کم ہی کیوں نہ ہو۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں