ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ وزارت خارجہ اور سفارتی ذرائع استعمال کرنے کی تجویز

پی سی بی آئندہ سال2ٹیموں کی میزبانی کا خواہاں،چیئرمین20اکتوبر کو آئی سی سی اجلاس میں کوشش کریں گے


Sports Reporter September 26, 2018
پی سی بی آئندہ سال2ٹیموں کی میزبانی کا خواہاں،چیئرمین20اکتوبر کو آئی سی سی اجلاس میں کوشش کریں گے۔ فوٹو: فائل

چیئرمین احسان مانی 20اکتوبر کو آئی سی سی اجلاس میں بورڈ حکام کو قائل کرنے کی کوشش کریں گے جب کہ وزارت خارجہ اور سفارتی ذرائع استعمال کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

مارچ 2009میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں دہشت گردوں کے حملوں نے ملکی میدان ویران کر دیے، مئی 2015میں لاہور آنے والی زمبابوے کی ٹیم بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوئی، اس کے بعد ورلڈالیون، سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور پی ایس ایل میچز کی میزبانی کی صورت میں مزید مثبت پیش رفت ہوئی، نئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی سربراہی میں پی سی بی اب انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا عمل مزید تیز کرنے کا خواہاں ہے۔

''کرک انفو'' کے مطابق چیئرمین کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیم پر حملے سے اب تک جو بھی چیئرمین آیا اس کی کوشش رہی کہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو، میرے عہدہ سنبھالنے سے قبل بھی نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سے بات چل رہی تھی، مستونگ میں دھماکا ہونے پر کیویز نے معذرت کرلی۔

کینگروز کا کہنا تھا کہ پڑوسی ملک کی ٹیم نے دورہ کیا تو وہ بھی آئیں گے، بدقسمتی سے ان سیریز کی پاکستان میں میزبانی ممکن نہ ہوسکی، میں اب20 اکتوبر کو سنگا پور میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں تمام ملکوں کے کرکٹ بورڈ حکام سے بات کرتے ہوئے یہ جاننے کی کوشش کروں گا کہ وہ کیسے اور کب دورہ کرسکتے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ ہمیں مختلف ملکوں کی پاکستان کیلیے ٹریول ایڈوائزری کو دیکھنا ہوگا،اس سے اندازہ ہوگا کہ کون سا ملک ٹیم بھیج سکتا ہے اور کس کو زیادہ تحفظات ہوں گے،ہم دوسرے ملکوں کے خدشات میں کمی کے لیے وزارت خارجہ اور اپنے سفارتحانوں سے بھی مدد لے سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ یواے ای میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی میزبانی کے بعد پاکستان کی کوئی ہوم سیریز نہیں ہے،آئندہ سال ستمبر میں سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کو پی سی بی کا مہمان بننا ہے، احسان مانی کا پہلا ہدف یہی ہوگا کہ یہ دونوں یا کم از کم ایک ٹیم پاکستان میں کھیلنے کے لیے آئے،ان میں سے آئی لینڈرز تو گزشتہ سال لاہور میں ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل چکے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔