پاکستان ہاکی فیڈریشن نے وزیراعظم سے ملاقات کے لیے وقت مانگ لیا

وزیراعظم سے ملاقات ہونے کی صورت میں ہاکی کی موجودہ صورتحال کے ساتھ خصوصی گرانٹ کی درخواست بھی کی جائے گی

فیڈریشن حکام نے عمران خان کو خط لکھا ہے جس میں ان سے فوری ملاقات کی استدعا کی گئی ہے، فوٹو:فائل

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے لیے وقت مانگ لیا۔

ذرائع کے مطابق فیڈریشن حکام نے عمران خان کو خط لکھا ہے جس میں ان سے فوری ملاقات کی استدعا کی گئی ہے۔ وزیراعظم سے ملاقات ہونے کی صورت میں صدر بریگیڈیئر خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری شہباز سینئر کی طرف سے قومی کھیل کی موجودہ صورتحال کے ساتھ خصوصی گرانٹ کی بھی درخواست کی جائے گی۔


ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف حکام کا خیال ہے کہ فیڈریشن کا خزانہ خالی ہے، اگر حکومت کی طرف سے فوری طور پر فنڈز جاری نہ ہوئے تو پاکستانی ٹیم کو اومان میں شیڈول ایشین چیمپئن ٹرافی اور اسی برس بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ میں شرکت کے حوالے سے مشکلات پیش آسکتی ہیں۔

مزید معلوم ہوا کہ پی ایچ ایف عہدیداروں نے گزشتہ روز آئی پی سی منسٹر فہمیدہ مرزا سے بھی ملاقات کرنے کی کوشش کی لیکن ان کی قومی اسمبلی میں مصروفیت کی وجہ سے یہ میٹنگ نہ ہو سکی، بعد ازاں صدر اور سیکرٹری پی ایچ ایف آئی پی سی سیکرٹری سے ملے جس میں فیڈریشن عہدیداروں نے فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں انہیں آگاہ کیا۔
Load Next Story