حسن سردار نے قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں

حسن سردار کی وزیر اعظم عمران خان سے فنڈز کی فراہمی کی اپیل

ہاکی فیڈریشن کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے، حسن سردار :فوٹو:فائل

رولینٹ اوٹیمن کی جگہ قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ بنائے جانے والے اولمپیئن حسن سردار نے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ رولینٹ اوٹیمن کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد لیجنڈ سابق کپتان حسن سردار کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا، حسن سردار نے اپنے عہدے کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں اور انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے فنڈز کی فراہمی کی اپیل بھی کردی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: حسن سردار کو چیف کوچ بنادیا گیا

قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ حسن سردار کا کہنا ہے کہ ہاکی فیڈریشن کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے جس کے باعث بہت سے مسائل پیدا ہوگئے ہیں اورکھلاڑی بھی پریشان ہیں، جب کہ بھارت میں ہونے والا ورلڈ کپ بھی سر پر ہے یہ ملک کی عزت کا سوال ہے، فنڈز کے بغیر ورلڈ کپ کی تیاری اچھی نہیں ہو سکتی، اس لئے حکومت جتنی جلدی گرانٹ جاری کرے گی قومی کھیل کو اتنا ہی فائدہ ہوگا۔


اس خبرکوبھی پڑھیں: رولینٹ اوٹمین کا مستعفی ہونے کا فیصلہ

حسن سردار کا کہنا تھا کہ غیر ملکی کوچز اب ساتھ نہیں رہے، اب ہم ریحان اور ثقلین کے ساتھ مل کر ٹیم کو تیار کریں گے۔ ایشین ہاکی چیمپئینز ٹرافی سے قبل پینلٹی کارنر اور دفاع کے شعبے کو بہتر بنانا ہدف ہے۔ ایشین گیمز میں گولڈ میڈل لینا چاہیے تھا لیکن اچھے نتائج نہیں آئے۔ اب ہمارا ٹارگٹ ورلڈ کپ میں اچھے نتائج دینا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ہیڈ کوچ کے بعد غیر ملکی ٹرینر بھی مستعفیٰ

راشد محمود، شفقت رسول اور کپتان رضوان کے کیمپ میں رپورٹ نہ کرنے پر چیف کوچ نے واضح کیا کہ لیگ کھیلنے والے تین کھلاڑیوں کو براہ راست ٹیم میں منتخب کرنے میں کوئی حرج نہیں، وہ ہالینڈ میں لیگ میچز کھیل کر اپنی پرفارمنس کو بہتر کررہے ہیں۔ اگر ان میں سے جلد کوئی فری ہوگیا تو کیمپ میں آجائے گا، ہمیں ان کے باہر کھیلنے پر کوئی اعتراض نہیں۔
Load Next Story