ورلڈ کپ 2019 افغان ٹیم نے حریفوں کیلیے خطرے کی گھنٹی بجا دی

ایشیا کپ میں بھارت سے مقابلہ ٹائی کرکے مہم کا عمدگی سے اختتام کیا۔

ایشیا کپ میں بھارت سے مقابلہ ٹائی کرکے مہم کا عمدگی سے اختتام کیا۔ فوٹو: فائل

بلند حوصلہ افغانستان نے ورلڈ کپ حریفوں کیلیے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔

ایشیا کپ سے قبل افغانستان کے کپتان اصغر افغان نے ایونٹ میں شریک ٹیموں کو خبردار کیا تھا کہ وہ نہ صرف ان کا بھرپور مقابلہ کریں گے بلکہ کچھ خاص بھی کرکے دکھائیں گے، ان کی ٹیم نے کپتان کے الفاظ کی پوری طرح لاج رکھی، اگرچہ وہ جمعے کو شیڈول فائنل کیلیے کوالیفائی نہیں کرپائی مگر اپنی شاندار کارکردگی سے ورلڈ کپ حریفوں کیلیے ضرور خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔


ٹورنامنٹ کے اپنے آخری میچ میں افغانستان نے ایونٹ کی اب تک کی ناقابل شکست بھارتی ٹیم کے خلاف میچ ٹائی کرتے ہوئے مہم کا عمدہ اختتام کیا۔ اہم کھلاڑیوں کو آرام دینے والی بھارتی ٹیم کو آخری اوور میں فتح کیلیے 7 رنز درکار تھے، راشد خان کا سامنا کرنے کیلیے اسٹرائیک پر موجود جڈیجا نے پہلی بال صائع کی اور دوسری کو باؤنڈری کی جانب اچھالا مگر وہ تھوڑا پہلے فیلڈ میں گرنے کی وجہ سے چوکا قرار پائی، اگلی گیند پر جڈیجا نے سنگل لیا اور پھر خلیل احمد نے بھی ایک رن بناتے ہوئے اسکور برابر کردیا۔

اب باقی 2بالز پر فتح کیلیے ایک رن درکار تھا مگر جڈیجا نے اگلی گیند کو مڈ وکٹ کی جانب اچھالا جہاں پر موجود نجیب اللہ زدران نے کیچ تھام کر بھارتی ٹیم کو 252 رنز پر آل آؤٹ کردیا، لوکیش راہول نے سب سے زیادہ 60 اور امباتی رائیڈو نے 57 رنز بنائے،آفتاب عالم، محمد نبی اور راشد خان نے2،2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

یاد رہے کہ اس ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں افغانستان نے سری لنکا کو 91 اور بنگلہ دیش کو 136 رنز سے شکست دی تھی، سپر 4 مرحلے میں پاکستان سے دلچسپ مقابلے میں اسے تین وکٹ اور بنگلہ دیش سے 3 رنز کی شکست ہوئی تھی۔
Load Next Story