پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی کا سینیٹ انتخاب کیلیے ووٹ خریدنے کا اعتراف

پیپلزپارٹی کے رکن کا اعترافی بیان اور ویڈیو الیکشن کمیشن میں پیش کریں گے، اپوزیشن جماعتوں کا اعلان

چیف جسٹس سے مطالبہ کرتے ہیں کہ تیمور تالپور کے اعترافی بیان کا نوٹس لیں، اپوزیشن رہنما :فوٹو:فائل

رکن صوبائی اسمبلی تیمور تالپور نے سینیٹ الیکش میں پیپلزپارٹی کی طرف سے ووٹ خریدنے کا اعتراف کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ اسمبلی میں ہونے والی بجٹ بحث میں پیپلزپارٹی کے تیمور تالپور نے جوش خطابت میں سینیٹ الیکش میں پیپلزپارٹی کی طرف سے ووٹ خریدنے کا اعتراف کرلیا۔ بجٹ بحث میں حصہ لیتے ہوئے تیمور تالپور کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں جس ممبر نے پیپلزپارٹی کو ووٹ بیچا وہ آج بھی ایوان میں بیٹھا ہے جب کہ نصرت سحر عباسی کے شوہر کو بھی پیپلزپارٹی نے ہی سرکاری ملازمت دی تھی۔

تیمور تالپور کے اس جملے پر اپوزیشن ارکان نے شدید احتجاج کیا تاہم وہ مسلسل بولتے رہے جی ڈی اے اور پی ٹی آئی کے ارکان اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کی قیادت میں ایوان سے احتجاجا واک آؤٹ کرگئے۔


دوسری جانب سندھ اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے ووٹ خریدنے سے متعلق تیمور تالپور کا اعترافی بیان بمعہ ویڈیو الیکشن کمیشن میں پیش کرنے کا اعلان کردیا۔

سندھ اسمبلی اجلاس سے واک آؤٹ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن ارکان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے تیمور تالپور نے ایوان کے فلور پر ووٹ خریدنے کا اعتراف کیا ہے ہم چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ تیمور تالپور کے اعترافی بیان کا نوٹس لیں۔

 
Load Next Story