قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی قیادت ملنا فخر ہے جویریہ ودود

اچھے نتائج دینے کے لیے پورا زور لگائیں گے، جویریہ ودود


ویب ڈیسک September 27, 2018
تمام لڑکیاں بہترین پرفارمنس دے کو ملکی نیک نامی میں اضافہ کریں گی، جویریہ ودود فوٹو: فائل

قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان جویریہ ودود کا کہنا ہے پی سی بی نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس پر پورا اترنے کی کوشش کریں گی۔

قومی ویمن کرکٹ ٹیم جویریہ ودود کی قیادت میں کل بنگلا دیش روانہ ہورہی ہے۔ پہلی بار قیادت کی ذمہ داریاں ملنے پر فخر محسوس کرتے ہوئے کپتان جویریہ کا کہنا ہے پی سی بی نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اس پر پورا اترنے کی کوشش کریں گی۔ بنگلا دیش کے بعد ملائشیا میں آسٹریلیا اور پھر ویسٹ انڈیز میں ورلڈ کپ کھیلنا ہے۔جہاں اچھے نتائج دینے کے لیے پورا زور لگائیں گے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں غیرملکی کوچ کی نگرانی میں بھرپور پریکٹس کرکے خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کی ہے۔ تمام لڑکیاں بہترین پرفارمنس دے کو ملکی نیک نامی میں اضافہ کریں گی۔ بنگلا دیش کے خلاف کھیل کر آسٹریلیا جیسی ٹف ٹائم سے تیاری کا اچھا موقع مل رہا ہے۔



کوچ مارک کولز کہتے ہیں کہ ان لڑکیوں میں کسی بھی ٹیم کے خلاف بہترین کھیل پیش کرنے کی اہلیت ہے۔ کیمپ میں کوشش کی ہے کہ ماضی میں جو غلطیاں کی ہیں۔ ان پر کام کرکے کھیل میں نکھار آئے۔ بنگلا دیش کو آسان حریف نہیں سمجھتے۔ ہر ٹیم مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اترتی ہے۔ بنگلا دیش اور آسٹریلیا کے ساتھ سیریز سے ایک اچھا کمبی نیشن بنانے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر معاون کوچ اینڈی رچرڈ نے پاکستان میں ویمنز کرکٹرز کے معیار کو بہتر قرار دیتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ میچز میں پرفارمنس کا گراف بہتر اور نمایاں رہے گا۔ دورہ بنگلا دیش میں چار ٹی ٹوئنٹی میچز یکم، 3، 4 اور 6 اکتوبر کو کھلنا میں کھیلے گی۔ ملائشیا میں آسٹریلیا کے ساتھ سیریز سے پہلے چار دن کا کیمپ گیارہ سے چودہ اکتوبر تک ہوگا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے 18، 20 اور 22 اکتوبر کو طے ہیں۔ جو آئی سی سی ویمنز کرکٹ چیمپئن شپ برائے ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کا ایک حصہ بھی ہے۔ 3 ٹی ٹوئنٹی 27 ، 29 اور 30 اکتوبر کو ہوں گے۔ ویمنز ٹیم ملائشیا سے براہ راست ویسٹ انڈیز جائے گی جہاں 9 نومبر سے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کھیلا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔