ایشیا کپ کا فائنل بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان آج کھیلا جائے گا

بھارت آج فائنل میں بنگلہ دیش کے مقابل، ٹائیگرزسورمائوں کے چھکے چھڑانے کیلیے بیتاب۔

ناقابل شکست بھارتی ٹیم کی نگاہیں ساتویں ٹائٹل پرمرکوز،افغانستان کیخلاف نہ کھیلنے والے پانچوں پلیئرزکی واپسی ہوگی۔ فوٹو: رائٹرز

ایشین کرکٹ کا تاج کس کے سرسجے گا؟ اس کا فیصلہ آج دبئی میں بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ میں ہوگا۔

متحدہ عرب امارات میں 6 ٹیموں کے درمیان شروع ہونے والی ایشیائی ٹائٹل کی جنگ اب صرف 2 سائیڈز بھارت اور بنگلہ دیش تک محدود ہوچکی ہے،ان کے درمیان فیصلہ کن معرکہ جمعے کو دبئی میں ہوگا۔

بدھ کو پاکستان کیخلاف غیرمتوقع طور پر کامیابی حاصل کرنے والی بنگلہ دیشی ٹیم نے ایک ہی ٹورنامنٹ میں تیسری مرتبہ روایتی حریف پاک بھارت ٹکرائو کا راستہ روکا، اس نے تیسری مرتبہ براعظمی ایونٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے، اس سے قبل فیصلہ کن معرکے میں اسے2012 میں پاکستان اور 2016 میں بھارت زیر کرچکے ہیں۔


اس بار بنگال ٹائیگرز ایک قدم مزید آگے بڑھاتے ہوئے ٹرافی پانے کیلیے پُراعتماد دکھائی دیتے ہیں،البتہ اب ٹیم تمیم اقبال کے بعد شکیب الحسن کی خدمات سے بھی محروم ہوچکی ہے، وہ انگلی کی تکلیف کے شدت اختیار کرنے پر گھر واپس لوٹ چکے جبکہ اوپنر تمیم اقبال پہلے ہی میچ میں کلائی فریکچر ہونے کی وجہ سے ایونٹ سے باہر ہوچکے تھے، ہائی وولٹیج مقابلے میں تجربہ کار کھلاڑیوں کی عدم موجودگی فتح کی مہم کو متاثر کرسکتی ہے، سپر 4 میں بنگلہ دیش کو بھارت سے یکطرفہ مقابلے میں شکست ہوگئی تھی۔

پاکستان سے میچ میں 99 رنزپر آئوٹ ہونے والے مشفیق الرحیم نے کہاکہ اگرچہ فائنل میں ہمیں تمیم اور شکیب کی خدمات حاصل نہیں ہونگی مگر ہم نے تمام کھلاڑیوں پر واضح کیا ہے کہ وہ اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال کریں، انھیں اس قسم کی صورتحال میں کھیلنے کا نادر تجربہ بھی حاصل ہوگا۔

دوسری جانب بھارت کی نگاہیں ریکارڈ ساتویں ایشیائی ٹرافی کے حصول پر مرکوز ہوچکی ہیں، اب تک ایونٹ میں بھارت کو صرف 2کمزور سائیڈز ہی چیلنج کرپائی ہیں، پہلے میچ میں ہانگ کانگ نے بھارت کو ڈرایا تھا اور پھر سپر 4 میں افغانستان نے ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے مقابلہ ٹائی کیا،اس میچ میں بھارت نے اپنے قائم مقام کپتان روہت شرما اور دوسرے اوپنر شیکھر دھون سمیت 5 اہم کھلاڑیوں کو آرام دیا تھا،ان کی اب فائنل میں واپسی ہوگی۔
Load Next Story