شفقت رسول کی ایشین چیمپئن ٹرافی کے کیمپ میں شرکت سے معذرت

شفقت رسول ان دنوں کینیڈا میں ہاکی کھیلنے میں مصروف ہیں

کیمپ میں موجود کھلاڑیوں کی مجموعی اب تعداد 29 ہوگئی ہے فوٹو: فائل 

قومی ہاکی ٹیم کے تجربہ کار کھلاڑی شفقت رسول نے ایشین چیمپئن ٹرافی کے کیمپ میں شرکت کرنے سے معذرت کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی ہاکی ٹیم کے تجربہ کار کھلاڑی شفقت رسول نے ایشین چیمپئن ٹرافی کے کیمپ میں شرکت کرنے سے معذرت کرلی جب کہ قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان سینئر بھی نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں جاری کیمپ کا حصہ نہیں بنیں گے بلکہ براہ راست اومان میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔


ذرائع کے مطابق شفقت رسول ان دنوں کینیڈا جبکہ محمد عرفان سینئر ہالینڈ میں ہاکی کھیلنے میں مصروف ہیں، ٹیم کا حصہ بننے والے ایک اور کھلاڑی راشدمحمود بھی یورپ میں ہاکی کھیل رہے ہیں تاہم وہ آئندہ چند روز تک قومی کیمپ کو جوائن کرلیں گے۔ ساف چیمپئن شپ میں غیرمعمولی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی اویس رحمن کو بھی طلب کر لیا گیا ہے جس کے بعد کیمپ میں موجود کھلاڑیوں کی مجموعی اب تعداد 29 ہوگئی ہے۔

یاد رہے کہ ایشین چیمپئن شپ 18 اکتوبر سے اومان میں شروع ہوگی ،روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان میچ 20 اکتوبر کو کھیلا جائےگا ۔
Load Next Story