’ہندوستان سے آنے والوں کو ہم پال رہے ہیں‘ والے بیان پر قائم ہوں سہیل انورسیال

میرا بیان 12 مئی اور سانحہ بلدیہ میں ملوث عناصر کے خلاف تھا، سہیل انور سیال


ویب ڈیسک September 28, 2018
جوسندھ کے خلاف بات کرے گا ہم اُس کے خلاف ہیں، سابق وزیرِداخلہ۔ فوٹو:فائل

سابق وزیر داخلہ اور پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی سہیل انور سیال نے کہا ہے کہ گزشتہ روز اسمبلی فلور پر کہا تھا کہ ہندوستان سے آنے والوں کو ہم پال رہے ہیں، اس بیان پر آج بھی قائم ہوں۔

سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیرداخلہ سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز اسمبلی فلور پر میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا، میں کسی اردو زبان بولنے والے کے خلاف نہیں بلکہ اس سوچ کے خلاف ہوں جو بھارت جاکر کہتے ہیں ہم نے پاکستان بنا کر غلطی کی۔ میرا بیان 12 مئی اور سانحہ بلدیہ میں ملوث عناصر کے خلاف تھا، میں نے بوری بند لاشوں کی سیاست کرنے والوں کےخلاف بات کی، اور اپنے بیان پر آج بھی قائم ہوں۔

سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ اردو اسپیکنگ اور سندھی بولنے والے بھائی بھائی ہیں، ہم ہجرت کرنے والوں کے خلاف نہیں، میرے خاندان نے بھی پنجاب سے ہجرت کی، میں خود مہاجر ہوں، مہاجروں کے خلاف بات کا سوچ بھی نہیں سکتا، جو سندھ توڑنے کی بات کرے گا ہم اس کے خلاف ہیں۔

رہنما پی پی پی نے کہا کہ میرے بیان پر کہا گیا کہ میرے بڑے بنیوں کے نوکر تھے وہ سُن لیں ہم تب بھی زمیندار تھے آج بھی زمیندار ہیں، میرے خلاف بات کرنے والے پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکیں۔ میری تقریر لسانیت پھیلانے کے خلاف تھی میری تقریر چلانے سے پہلے ایم کیوایم کے رہنما محمد حسین کی تقریر چلا کردیکھ لیں جنہوں نے کہا تھا کہ ہم سندھ والوں کو پالتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما سہیل انور سیال نے کہا تھا کہ ہندوستان سے آنے والوں کو ہم پال رہے ہیں، ان لوگوں کو ہم نے پناہ دی، ان کو گھر، زمینیں اور اناج دیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔