فواد چوہدری کو نانی یاد دلادوں گا مشاہد اللہ

عمران خان کو فواد چوہدری کو وزارت سے ہٹانا ہی پڑے گا، سینیٹر مشاہد اللہ


ویب ڈیسک September 28, 2018
اگر وزیر ثبوت نہ دے سکے تو انہیں ایوان میں آکر معافی مانگنی پڑے گی،مشاہد اللہ (فوٹو: فائل)

مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ وزیر اطلاعات فواد چوہدری ریاستِ مدینہ کے وزیر ہیں یا رنگیلا شاہ کے؟ عمران خان کو اس وزیر کو وزارت سے ہٹانا ہی پڑے گا۔

سینیٹ میں بات کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد اللہ فواد چوہدری کے گزشتہ روز دیے گئے بیان پر برہم ہوگئے اور کہا کہ وہ الزامات لگانے پر فواد چوہدری کو نانی یاد دلادیں گے، وزیر کو ثبوت دینا ہوگا کہ میں نے کس بھائی اور کزن کو پی آئی اے میں عہدوں پر لگایا تھا، اگر وزیر ثبوت نہ دے سکے تو انہیں ایوان میں آکر معافی مانگنی پڑے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کو لوٹنے والوں جائیدادیں نیلام ہونی چاہئیں، فواد چوہدری

سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا کہ وہ فواد چوہدری کے بیان پر تحریک استحقاق جمع کروائیں گے، وہ فواد چوہدری کو نانی یاد دلائیں گے، عمران خان خود اس وزیر کو وزارت سے نکال دیں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد اللہ نے فواد چوہدری پر طنزیہ اشعار بھی پڑھے تاہم اسپیکر نے غیر مناسب الفاظ کے استعمال پر اشعار کو ایوان کی کارروائی سے حذف کروادیا۔

واضح رہے کہ وزیر اطلاعات نے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ سینیٹر مشاہد اللہ خان نے قومی ایئر لائن میں اپنے بھائیوں کو کس طرح بھرتی کروایا؟ انہیں جواب دینا چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔