وزیراعظم کا خیبرپختونخوا کے بلدیاتی نظام میں اصلاحات کا فیصلہ

تحصیل ناظم کا براہ راست انتخاب کیا جائے گا، ویلیج کونسلز چئیرمین تحصیل کونسلز کے ممبرز ہوں گے

تحصیل ناظم کا براہ راست انتخاب کیا جائے گا، ویلیج کونسلز چئیرمین تحصیل کونسلز کے ممبرز ہوں گے (فوٹو : فائل)

وزیر اعظم عمران خان نے خیبر پختون خوا کا پہلا دورہ کیا جس میں وہ بغیر پروٹوکول کے ائیر پورٹ سے وزیر اعلیٰ ہاؤس پہنچے اور کہا کہ مجھے پروٹوکول نہیں کام چاہیے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر پشاور پہنچے اس دوران انہوں نے ایئرپورٹ سے وزیر اعلیٰ ہاؤس تک پروٹوکول نہیں لیا بعدازاں انہوں نے وزیر اعلی ہاؤس میں صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں گورنر شاہ فرمان ، وزیر اعلی محمود خان، وزیر دفاع پرویز خٹک، ترجمان شوکت یوسف زئی، اسپیکرمشتاق غنی اور دوسرے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ اجلاس ختم ہونے پر وزیر اعظم عمران خان سی ایم ہاؤس سے واپس روانہ ہوگئے اور سب کو ایئر پورٹ آنے سے منع کردیا۔


اجلاس میں متعدد فیصلے کیے گئے جس کے مطابق گورنر ہاؤس کو ہر اتوار کو عوام کے لیے کھولا جائے گا، بلدیاتی نظام میں اصلاحات لائی جائیں گی، تحصیل ناظم کا براہ راست انتخاب کیا جائے گا، ویلیج کونسلز چئیرمین تحصیل کونسلز کے ممبرز ہوں گے، فاٹا اور صوبے میں بیک وقت الیکشن، فوری انصاف کے لیے ریفارمز اور قلعہ بالا حصار کو سیاحتی مقام بنایا جائے گا۔

کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ بی آر ٹی اور سوات موٹر وے بروقت مکمل کی جائے، تمام منصوبوں میں شفافیت ہونی چاہیے، سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جائیں، قومی صفائی مہم میں صوبائی حکومت بھی بھرپور ساتھ دے، تجاوزات کے خلاف کارروائی کی جائے، اسپتالوں کے بورڈز کی تشکیل اور انتظامی اصلاحات جلد مکمل کی جائیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پروٹوکول نہیں کام چاہیے، عوامی خدمت کے نتیجے میں صوبے میں دوبارہ حکومت میں آنے پر عوام کی توقعات مزید بڑھ گئی ہیں جس کے لیے تمام وزرا کو محنت کرنا پڑے گی۔
Load Next Story