بلوچستان كی ترقی یہاں كے لوگوں كی خوشحالی سے منسلک ہے وزیراعلیٰ بلوچستان
حكومت گوادر كی ترقی میں مقامی لوگوں كے مفادات كا تحفظ كرتے ہوئے انہیں تمام سہولیات فراہم كرے گی، جام کمال خان
وزیراعلیٰ بلوچستان جام كمال خان نے كہا ہے كہ بلوچستان كی ترقی یہاں كے لوگوں كی خوشحالی سے منسلک ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی، گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ اور پانی و بجلی كے منصوبوں كی پیش رفت سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں ادارہ ترقیات گوادر كے ڈائریكٹر جنرل ڈاكٹر سجاد حسین نے مكمل ہونے والے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں گوادر ماسٹر پلان اپ گریڈ یشن، اسمارٹ سٹی منصوبے اور پرانی آبادی كی منتقلی سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال كیا گیا جب كہ اجلاس میں اسمارٹ بندرگاہ سٹی منصوبوں كے حوالے سے مقامی لوگوں كی تجاویز اور مشاورت سے متعلق امور پر بھی بات چیت كی گئی۔
یہ بھی پڑھیں :سیف سٹی پروجیکٹ سیاست کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا، جام کمال خان
اجلاس میں فیصلہ كیا گیا كہ گوادر كی ترقی میں مقامی لوگوں كو ہر حال میں شامل كیا جائے گا اور ترقیاتی منصوبوں میں مقامی لوگوں كو اولین ترجیح دی جائے گی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے كہا كہ بلوچستان كی ترقی یہاں كے لوگوں كی خوشحالی سے منسلک ہے اور حكومت گوادر كی ترقی میں مقامی لوگوں كے مفادات كا تحفظ كرتے ہوئے انہیں تمام سہولیات فراہم كرے گی۔