ڈالر کی قدر میں 70 پیسے اضافہ

روپے کی قدر میں نمایاں کمی کے خدشات کے پیش نظر لوگوں نے اوپن مارکیٹ کا رخ کرلیا۔


Business Reporter September 30, 2018
روپے کی قدر میں نمایاں کمی کے خدشات کے پیش نظر لوگوں نے اوپن مارکیٹ کا رخ کرلیا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی سپلائی میں 50 فیصد کمی اور طلب میں نمایاں اضافے کے باعث ہفتے کو ڈالر کی قدرمیں یکدم70 پیسے کا اضافہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ڈالرکا اوپن مارکیٹ ریٹ 126 روپے10 پیسے سے بڑھ کر126 روپے80 پیسے کی سطح پر آگیا۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر ملک محمد بوستان نے بتایا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جاری مذاکرات پر بڑھتی ہوئی افواہوں کے باعث اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کے فروخت کنندگان غائب ہوگئے لیکن طلب گار بڑھ گئے ہیں جس کی وجہ سے ایکس چینج کمپنیوں کے پاس ڈالر کے سرپلس ذخائر ختم ہوگئے ہیں۔

روپے کی قدر میں نمایاں کمی کے خدشات کے پیش نظر لوگوں نے اوپن مارکیٹ کا رخ کرلیا اور ہفتے کو بینکوں کی بندش کی وجہ سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی ڈیمانڈ50 سے 60 فیصد بڑھ گئی ہے۔ مارکیٹ میں یہ افواہیں زیرگردش ہیں کہ آئی ایم ایف حکام ڈالرکی قدر میں مزید اضافے کے لیے پاکستان پر دبائو ڈال رہے ہیں اور یہ افواہیں روپے کی قدر میں تنزلی کاسبب بن رہی ہیں۔

دریں اثنا بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 9ڈالر کے اضافے سے1192ڈالرکی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ بازار میں ہفتے کو فی تولہ اور فی 10گرام سونے کی قیمت میں بالترتیب 450روہے اور386روپے کااضافہ ہوگیا جس کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی ، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت59300روپے اور فی 10 گرام سونے کی قیمت بڑھ کر50840روپے ہوگئی تاہم اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیرکسی تبدیلی کے 820 روپے اور فی دس گرام چاندی کی قیمت703روپے پرمستحکم رہی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔