وزیر اعلیٰ سندھ نے پیپلز پارٹی کے ارکان کی تقاریر پر معافی مانگ لی

ہمیں ایوان میں بڑی بڑی باتیں برداشت کرنا پڑیں گی، مراد علی شاہ کا اسمبلی میں بیان


ویب ڈیسک September 30, 2018
سندھ واحد صوبہ ہے جہاں پاکستان کی ہر زبان بولنے والے موجود ہیں، مراد علی شاہ فوٹو: فائل

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پیپلز پارٹی کے ارکان کی تقاریر پر معافی مانگ لی۔

سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ میں نے تمام ارکان کی تقاریر سنی ہیں، اس اسمبلی میں نوٹوں کی باتیں ہوئیں، تحریک انصاف کے حلیم عادل شیخ نے ایوان کو مچھلی بازار کہا، جس کا مجھے بہت افسوس ہوا، مچھلی بازار کوئی گندی جگہ نہیں، میں نے خود فش ہاربر پر کام کیا ہے۔ معاملہ مچھلی بازار سے بھی آگے نکل گیا اور ماحول خراب ہوا۔ اراکین چھوٹی چھوٹی باتوں پر ناراض ہورہے تھے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو عوام ہر بار سب سے زیادہ سیٹیں دے کر منتخب کرتے ہیں۔ پورے سندھ کی عوام کا شکرگزار ہوں جنہوں نے پیپلزپارٹی پر اعتماد کیا، میں نےاپنے اراکین سے کہا کہ اپنے لیڈر سے کچھ سیکھیں، بلاول بھٹو زرداری نے جو سنجیدگی دکھائی انہیں دیکھیں، لوگوں نے اگر آپ کو ہرایا ہے تو ان کی تذلیل نہ کریں، زور سے بولنے اور کسی کی برائی سے نمبرز نہیں بڑھتے، ہمیں بڑی بڑی باتیں برداشت کرنا پڑیں گی۔

مراد علی شاہ نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ واحد صوبہ ہے جس کی اسمبلی میں پاکستان کی ہر زبان بولنے والے بیٹھے ہیں، میں اپنے اراکین کی طرف سے خود معافی مانگتا ہوں۔ میں خود ہجرت کر کے آیا ہوں، سندھ نے ہمیں اپنا کہا ہم سندھی ہوگئے، آپ بھی سندھ کو اپنائیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند روز سے سندھ اسمبلی میں حزب اقتدار اور حزب اختلاف دونوں ہی جانب سے متنازع تقاریر کی جارہی تھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں