ٹور میچ میں پاکستان ’اے‘ کیخلاف مارش برادرز کی نصف سنچریاں

شان 54 اورمچل 53 پر ناقابل شکست، آسٹریلیا نے بیٹنگ کے بعد بولنگ کو بھی نشانے پر رکھ لیا، 2 وکٹ پر 207رنز جوڑلیے


Sports Desk October 01, 2018
شان 54 اورمچل 53 پر ناقابل شکست، آسٹریلیا نے بیٹنگ کے بعد بولنگ کو بھی نشانے پر رکھ لیا، 2 وکٹ پر 207رنز جوڑلیے۔ فوٹو: فائل

4 روزہ وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان اے کی بیٹنگ کے بولنگ کو بھی نشانے پر رکھ لیا، دوسرے روز کے اختتام تک صرف 2 وکٹ کے نقصان پر 207 رنز بنالیے۔

دبئی میں جاری چار روزہ وارم اپ میچ کے دوسرے روز بھی کھیل پر مکمل طور پر آسٹریلیا کا ہی کنٹرول رہا۔ ایرون فنچ نے عثمان خواجہ کے ساتھ مل کر ٹیم کو 82 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ فراہم کیا، اس ابتدائی جوڑی کا خاتمہ آخر 31 ویں اوور میں ہوا جب لیفٹ آرم سیمر وقاص مقصود کی گیند فنچ کے بیٹ کا کنارہ چھوتے ہوئے وکٹ کیپر محمد رضوان کے گلوز میں چلی گئی، انھوں نے 91 بالز پر 54 رنز بنائے، جس میں 7 چوکے بھی شامل تھے۔

11 اوورز بعد دوسرے اوپنر عثمان خواجہ کو افتخار احمد نے کپتان اسد شفیق کی مدد سے قابو کیا، انھوں نے 131 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 36 رنز اسکور کیے، اس موقع پر وکٹ پر شان مارش کو ان کے چھوٹے بھائی مچل مارش نے جوائن کیا اور دونوں نے مل کر اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا، جب دوسرے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو آسٹریلیا نے 2 وکٹ پر 207 رنز بنالیے تھے، مارش برادرز کے درمیان ناقابل شکست 103 رنز کی شراکت ہوچکی تھی، شان 54 اور مچل 53 رنز پر کھیل رہے تھے۔

ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل وہاب ریاض اپنے 12 اوورز میں ایک بھی وکٹ نہیں لے سکے۔ اس سے قبل 247رنز 6 وکٹ سے دن کا آغاز کرنے والی پاکستان اے ٹیم 278 رنز پر آئوٹ ہوگئی، پہلے روز 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے والے ناتھن لیون نے مزید تین وکٹیں لیتے ہوئے اننگز کا اختتام 108 رنز کے عوض 8 وکٹوں پر کیا۔

عابد علی اپنے اوورنائٹ اسکور 83 میں صرف 2 رنز مزید جوڑ پائے، انھیں لیون نے وکٹ کیپر ٹم پین کی مدد سے قابو کیا۔ مچل اسٹارک نے مارچ 2018 کے بعد مسابقتی کرکٹ میں اپنی پہلی وکٹ اس وقت حاصل کی جب انھوں نے وہاب (12) کوشان مارش کی مدد سے قابوکیا۔ کینگروز کو میزبان اے سائیڈ کی اختتامی 4 وکٹیں اڑانے میں 7.1 اوورز لگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔