عمران خان سب سے پہلے اپنا گھرقانون کے دھارے میں لائیں چیف جسٹس

بنی گالہ کے حوالے سے حکومت فیصلہ کرے، رواں ہفتے ہی حکم جاری کرکے کیس نمٹا دیں گے، چیف جسٹس کے ریمارکس


ویب ڈیسک October 01, 2018
عدالت نے کیس کی سماعت جمعہ تک ملتوی کردی۔ فوٹو : فائل

بنی گالہ تجاوزات کیس میں چیف جسٹس نے ریمارکس دیے ہیں کہ عمران خان سب سے پہلے اپنا گھر قانون کے دھارے میں لائیں اور سب سے ہلا جرمانہ بھی انہی کو ادا کرنا ہوگا۔

چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں بنی گالہ تجاوزات کیس کی سماعت ہوئی، اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ سروے آف پاکستان نے کورنگ نالہ کا سروے کرکے رپورٹ دی ہے، کورنگ نالے پر لوگوں نے تجاوزات قائم کر رکھی ہیں، چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ نالے سے تجاوزات ختم کس نے کرنا ہے، عمران خان اس وقت وزیراعظم ہیں جب کہ عمران خان نے اسی عدالت عظمی کو خط لکھ کر معاملہ پر نوٹس لینے کی استدعا کی تھی، نوٹس لینے پر معلوم ہوا کہ بنی گالہ میں تجاوزات کی بھرمار ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : بنی گالہ اراضی کے لیے جمائما کو ادائیگی کا ریکارڈ طلب

چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ علاقہ کا گندہ پانی راول ڈیم میں جا رہا ہے، وزیراعظم اپنا گھر بھی ریگولر کریں اور دوسروں کے بھی کرائیں، جو قانونی جرمانہ ادا کرنا چاہیے وہ کیا جائے، واضح کیا تھا نالے کی حدود میں گھر مسمار کردیں گے جب کہ بنی گالہ کے حوالے سے جو کرنا ہے، حکومت فیصلہ کرے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ عمران خان بطور درخواست گزار عدالت آئے تھے اور آج وزیراعظم ہیں، عمران خان نے بنی گالہ تعمیرات کے حوالے سے کیا اقدامات کیے، عمران خان کے اپنے گھر کے این او سی کا بھی تنازع تھا، عمران خان سب سے پہلے اپنا گھر قانون کے دھارے میں لائیں اور سب سے پہلا جرمانہ عمران خان کو ادا کرنا ہوگا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : بنی گالہ میں عمران خان کے گھر کی تعمیرات کو غیر قانونی قرار دیدیا گیا

عمران خان کے وکیل بابراعوان نے عدالت کو بتایا کہ وزیراعظم بنی گالہ کے حوالے سے تین اجلاس منعقد کر چکے ہیں، چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ جمعہ تک آگاہ کریں بنی گالہ کے حوالے سے کیا فیصلہ کیا گیا، رواں ہفتے ہی حکم جاری کرکے کیس نمٹا دیں گے۔ عدالت نے کیس کی سماعت جمعہ تک ملتوی کردی۔

یہ پڑھیں: سپریم کورٹ کا منشا بم کی گرفتاری اور تمام اراضی واگزار کرانے کا حکم

دریں اثنا چیف جسٹس نے جوہر ٹاؤن لاہور میں سرگرم قبضہ مافیا گروپ منشا بم کی گرفتاری اور اس کے قبضے سے تمام اراضی واگزارکرانے کا حکم دیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں