پریڈ حملے کا جواب ایران کی شام میں باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری

مغربی ایران سے6 میزائل شامی علاقے البوکمال میں داغے گئے، ڈرونز کا بھی استعمال، متعدد باغیوں کی ہلاکت کا دعویٰ


News Agencies October 02, 2018
شام میں ان باغیوں کے ہیڈکوارٹرز پر میزائل داغے ہیں جوایرانی شہر اہواز میں پریڈ حملے میں ملوث تھے، پاسداران انقلاب کا اپنی ویب سائٹ پربیان۔ فوٹو: سوشل میڈیا

ایرانی فوج پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ اس نے شام میں ان باغیوں کے ہیڈکوارٹرز پر میزائل داغے ہیں جو گذشتہ ماہ ایرانی شہر اہواز میں پریڈ حملے میں ملوث تھے۔

پاسداران انقلاب نے اپنی ویب سائٹ پر لکھاہے کہ پاسداران انقلاب کی فضائیہ نے اہواز پر دہشت گرد حملے میں ملوث عناصر کے دریائے فرات کے مشرق میں واقع ہیڈکوارٹرز کو زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔

پاسداران نے دعویٰ کیاہے کہ بمباری میں متعدد باغی مارے گئے ہیں۔ ویب سائٹ پر کئی تصاویر بھی پوسٹ کی گئی ہیں جن میں میزائل کا داغا جانا دکھایا گیا ہے۔

ایرانی پاسداران انقلاب کے خبررساں ادارے سپاہ نیوز کی جانب سے پیر کو بتایا گیا ہے کہ مغربی ایران سے 6 میزائل مشرقی شامی علاقے البوکمال پر داغے گئے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ باغیوں کے خلاف کارروائی میں میزائلوں کے علاوہ بمبار ڈرونز کا بھی استعمال کیا گیا۔ درمیانے درجے تک مار کرنے والے ذوالفقار اور قائم نامی میزائل فائر کیے گئے جن کی حد 750 سے 8 سو کلومیٹر تھی۔

واضح رہے کہ یہ ایران کی جانب سے ایک سال کے عرصے میں شام میں باغیوںکے خلاف کیا جانے والا دوسرا بڑا حملہ ہے۔

دوسری طرف شامی باغیوں کی جانب سے ان خبروں کی تردید کی گئی ہے، جن میں کہا جا رہا تھا کہ باغی شام کے شمال میں اپنے زیر قبضہ علاقے سے بھاری عسکری آلات نکال رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں