انسداد پولیو ورکرز پر حملے شرعاً ناجائز ہیں علما کا فتویٰ

مسلمان بچوں کو پولیو سے بچانا والدین سمیت سب کی ذمے داری ہے،ویکسین میں تولیدی نظام کومتاثر کرنیوالے اجزا شامل نہیں


June 07, 2013
مسلمان بچوں کو پولیو سے بچانا والدین سمیت سب کی ذمے داری ہے،ویکسین میں تولیدی نظام کومتاثر کرنیوالے اجزا شامل نہیں فوٹو: فائل

علمائے کرام نے کہا ہے کہ انسدادپولیو ورکرز پر حملے شرعی طور پر ناجائز ہیں، انسداد پولیو ٹیموں پر حملے ناقابل برداشت ہیں جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

مسلمان بچوں کو انسداد پولیو ویکسین پلانا ہم سب کی ذمے داری ہے، ویکسین میں تولیدی نظام کومتاثر کرنیوالے اجزا شامل نہیں، شکیل آفریدی کا انسدادپولیو مہم سے کوئی تعلق نہیں۔ جمعرات کو انسداد پولیو پر بین الاقوامی علما کانفرنس کا انعقاد کیاگیا۔کانفرنس میں مختلف ممالک کے علما نے متفقہ فتویٰ دیا ہے کہ انسدادپولیو ورکرز پر حملے شرعی لحاظ سے ناجائز ہیں، انسداد پولیو ٹیموں پر حملے اور ڈرون حملے ناقابل برداشت ہیں۔ پولیو ورکرز کی حفاظت ہم سب کی ذمے داری ہے۔ ہم انسدادپولیو ٹیموں پر حملے اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔



علمائے کرام نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان بچوں کو پولیو سے بچانا تمام والدین سمیت سب کی ذمے داری ہے۔ والدین اپنے بچوں کو پولیو سے بچائو کی ویکسین کے قطرے اور حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں۔ علما نے کہا کہ وفاقی سطح پر انسداد پولیو کے لیے ایڈوائزری بورڈ اور صوبائی سطح پر ٹاسک فورس بنائی جائے گی۔ علما نے کانفرنس میں یقین کے ساتھ کہا کہ پاکستان میں استعمال ہونے والی پولیو ویکسین ہرلحاظ سے محفوظ ہیں۔ ان ویکسینز میں نظام تولید کو متاثر کرنیوالے کسی قسم کے اجزا شامل نہیں ہیں۔ علما نے کہا کہ شکیل آفریدی کا انسداد پولیو مہم سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ کانفرنس میں پاکستان سمیت سعودی عرب، یمن، مصر اور دیگر ممالک کے علما شریک تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔