گندے انڈوں کا پاؤڈر تیار کرکے بیکری مصنوعات میں استعمال کیے جانے کا انکشاف

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ایک ہفتے میں تیسری بڑی کارروائی کرتے ہوئے 11 لاکھ سے زائد گندے اورخراب انڈے برآمد کرلیے


آصف محمود October 02, 2018
ناجائز منافع کےلئے انسانی جانوں سے کھیلنے والی بیکریوں کا بھی سراغ لگایاجارہاہے، حکام فوٹو: ایکسپریس

پنجاب میں گندے اورخراب انڈوں کا پاؤڈرتیارکرکے بیکری مصنوعات میں استعمال کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے چیچہ وطنی کے نواحی علاقے غازی آباد میں کارروائی کرتے ہوئے کولڈ اسٹور میں رکھے گئے 11 لاکھ گندے اور خراب انڈے برآمد کئے تھے ، گندے انڈوں کی اتنی بڑی کھیپ ملنے کے بعد ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی خود لاہور سے چیچہ وطنی پہنچے جہاں انہوں نے کولڈ اسٹور کے مالک سے پوچھ گچھ کی۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کے مطابق 11 لاکھ انڈے اسٹور کرنے والے کمالیہ کے رہائشی غلام شبیر نامی شخص سے پوچھ گچھ مکمل کرلی گئی ہے ، تمام مال فوری تلف کردیا گیا ہے، گندے انڈے اسٹور کرنے والے کے خلاف مقدمہ درج جب کہ 2 لاکھ جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔

کیپٹن (ر) محمد عثمان نے بتایا کہ زیادہ منافع کمانے کے لالچ میں گندے انڈے اسٹور کیے جا رہے ہیں ،گندے انڈوں کو اسٹور کرنے والوں کے مزید سراغ بھی ہاتھ لگے ہیں، آئندہ چند دنوں میں بڑی کاروائیاں متوقع ہیں۔ انہوں نے آپریشن ٹیموں کو صوبہ بھر میں کولڈ اسٹوروں کی میپنگ کر کے مکمل جانچ پڑتال کا حکم بھی دے دیا ہے ، اسی طرح تمام ہیچریوں کا اچانک دورہ کر کے انڈوں کا مکمل ریکارڈ بھی چیک کیا جائے گا، ہیچریوں کو گندے انڈے سرکاری بھٹیوں میں تلف کر کے تلفی کا مکمل ریکارڈ رکھنے کی حتمی وارننگ بھی جاری کر دی گئی ہے۔



پنجاب فوڈ اتھارٹی نے دوروز قبل بھی چیچہ وطنی میں ہی کارروائی کے دوران 7 لاکھ گندے اورخراب انڈے برآمد کئے تھے جنہیں لاہور میں تلف کیا گیا جبکہ اس سے قبل شیخوپورہ کے قریب کارروائی کے دوران ایک لاکھ کے قریب گندے انڈے ضائع کئے گئے تھے۔ اسی حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے ضلع ساہیوال اور اوکاڑہ کی کولڈ اسٹورز ایسوسی ایشنز سے بھی ملاقات کی ہے۔ گندے انڈوں کو کولڈ اسٹورز میں رکھوانے والوں کی نشاندہی کرنے کے لیے باہمی مشاورت سے 3 دن کی ڈیڈ لائن طے کر لی گئی ہے۔

ڈی جی فوڈاتھارٹی نے کہا ہے گندے انڈے سٹور کرنے والے تاجر اور ہیچریاں قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے رضا کارانہ طور پر پنجاب فوڈ اتھارٹی سے رابطہ کر کے انڈے تلف کروائیں، مہلت کے بعد کسی جگہ سے انڈے برآمد ہونے پر مال تلف کرنے کے علاوہ سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔



پنجاب فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق گندے اورخراب انڈوں کو پاؤڈرکی شکل میں مختلف بیکری مصنوعات کی تیاری میں استعمال کیا جاتا ہے جو انسانی صحت کے لئے انتہائی خطرناک ہے ، ایسی بیکریوں کا بھی سراغ لگایا جارہا ہے جوناجائزمنافع کے لئے انسانی جانوں سے کھیل رہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں