26 رکنی نئی وفاقی کابینہ آج شام حلف اٹھائے گی

فنکشنل لیگ کے سوا کسی اتحادی جماعت سے کوئی وزیرنہیں لیا گیا۔


ویب ڈیسک June 07, 2013
فنکشنل لیگ کے سوا کسی اتحادی جماعت سے کوئی وزیرنہیں لیا گیا ۔ فوٹو فائل

26 رکنی نئی وفاقی کابینہ آج شام حلف اٹھائے گی جس میں 17 وفاقی وزراء اور 9 وزرائے مملکت ہوں گے، فنکشنل لیگ کے سوا کسی اتحادی جماعت سے کوئی وزیرنہیں لیا گیا جبکہ سندھ سے 3، بلوچستان سے 2اور خیبرپختونخوا سے ایک وزیر کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔

وفاقی کابینہ کی تقریب حلف برداری سہ پہر4 بجے ایوان صدرمیں ہوگی جہاں صدرآصف علی زرداری وزراء سے حلف لیں گے، تقریب میں وزیراعظم نوازشریف، اعلیٰ سیاسی وفوجی شخصیات سمیت غیرملکی سفیربھی شرکت کریں گے،وفاقی وزراء کا حلف اٹھانے والے 17 ارکان میں سینیٹراسحاق ڈار، چوہدری نثارعلی خان، خواجہ آصف، سینیٹرپرویز رشید، سرداریوسف، غلام مرتضی جتوئی، رانا تنویرحسین اورزاہد حامد شامل ہیں جبکہ خواجہ سعدرفیق، احسن اقبال، پیرصدرالدین راشدی، ریاض حسین پیرزادہ، برجیس طاہر، شاہد خاقان عباسی، کامران مائیکل، سکندربوسن اورعبدالقادربلوچ بھی وفاقی وزراء میں شامل ہوں گے۔

حلف اٹھانے والے 9 وزرائے مملکت میں بلیغ الرحمان، بیرسٹرعثمان ابراہیم، خرم دستگیر، شیخ آفتاب احمد، میرجام کمال، عبدالحکیم بلوچ، انوشہ رحمان، سائرہ افضل تارڑ اورپیرامین الحسنات شامل ہیں، 25 وزراء کا تعلق مسلم لیگ (ن) سے ہے تاہم سوائے مسلم لیگ فنکشنل کے کسی اتحادی جماعت سے کوئی وزیرنہیں لیا گیا، غلام مرتضیٰ جتوئی پہلے ہی اپنی جماعت نیشنل پیپلزپارٹی کومسلم لیگ (ن) میں ضم کرنے کا اعلان کرچکے ہیں، نئے وزراء کے محکموں کااعلان تقریبِ حلف برادری کے بعد کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔