آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے ہرادیا

171 رنز کا ہدف ویسٹ انڈیز نے 40.4 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔


ویب ڈیسک June 07, 2013
ویسٹ انڈین کھلاڑیوں کا میچ جیتنے کے بعد فاتحانہ انداز۔ فوٹو: رائٹرز

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے ہرادیا۔

اوول کے گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں ویسٹ انڈیزکے کپتان ڈیوائن براوو نے ٹاس جیت کرپہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی اور ان کا یہ فیصلہ ویسٹ انڈیز کے لئے بہت سودمند ثابت ہوا، پاکستان کی ابتدائی 3 وکٹیں صرف 15 رنز کے عوض ہی گرگئیں، اوپنر عمران فرحت 2 ، محمد حفیظ 4 اور اسد شفیق بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے، ناصر جمشید نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور وہ 50 رنز بنا کرآوٹ ہوئے، شعیب ملک ایک مرتبہ پھر ناکام ثابت ہوئے اور بغیر کھاتہ کھولے ہی واپس لوٹ گئے، وکٹ کیپر کامران اکمل صرف 2 رنز بناسکے ،وہاب ریاض 6 جب کہ سعید اجمل 2 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے کپتان مصباح الحق ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخری وقت تک کریز پر موجود رہے، انہوں نے 96 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمار روچ اور سنیل نرائن نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ روی رامپال اور ڈیوائن براوو ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔

آئی سی سی ون ڈے ٹورنامنٹس میں ویسٹ انڈیز کا پاکستان پر پلڑہ بھاری ہے، اس نے باہمی مقابلوں میں 8 جبکہ پاکستان نے 4 بار فتح حاصل کی، آخری مرتبہ آئی سی سی ٹورنامنٹس میں کھیلے جانے والے دونوں میچز میں پاکستان نے فتح پائی، جنوبی افریقہ میں 2009 میں کھیلی جانے والی چیمپئنز ٹرافی اور ورلڈ کپ 2011 کے کوارٹر فائنل میں ویسٹ انڈین ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

171 رنز کا ہدف ویسٹ انڈیز نے 40.4 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ ویسٹ انڈیز نے بیٹنگ شروع کی تو اس کے اوپنرز بھی اچھا آغاز فراہم نہ کرپائے اور 15 پر اس کے 2 کھلاڑی پولین لوٹ چکے تھے تاہم پھر کرس گیل نے اپنے روایتی کھیل کا آغاز کیا اور ٹیم کے اسکور کو 78 رنز تک پہنچایا تاہم پھر وہ 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ کرس گیل کے علاوہ کیرون پولارڈ اور مارلن سیمیولز بھی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا اور 30،30 رنز بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں جانسن چارلس 9، رامناریش سروان ایک، ڈیوائن براوو 19 اور سنیل نرائن 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ دنیش رامدن 11 اور کیمار روچ 5 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے 3، سعید اجمل اور وہاب ریاض نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد حفیظ ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔ بہترین پرفارمنس پر کیمار روچ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں