25 رکنی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا

حلف اٹھانے والوں ميں 16 وزرا اور 9 وزرائے مملکت شامل ہیں۔

حلف اٹھانے والوں ميں 16 وزراء اور 9 وزرائے مملکت شامل ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

وفاقی کابینہ میں شامل 25 وزرا اور وزرائے مملکت نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا، کابینہ میں پنجاب سے19، سندھ سے3، بلوچستان سے2 اور خیبرپختونخواسے ایک وزیر شامل ہے جب کہ کابینہ میں 2 مشیر اور 2 معاون خصوصی بھی شامل کئے گئے ہیں۔

کابینہ کی تقریب حلف برداری ایوان صدر میں ہوئی جہاں صدر آصف علی زرداری نے کابینہ کے اراکین سے حلف لیا، حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم نوازشریف، آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی، اعلیٰ سیاسی وفوجی شخصیات سمیت غیرملکی سفیروں نے بھی شرکت کی۔ حلف اٹھانے والوں ميں 16 وزرا اور 9 وزرائے مملکت شامل ہیں۔ کابینہ میں 2 مشیر اور 2 معاون خصوصی بھی شامل کئے گئے ہیں۔


کابینہ میں چوہدری نثار علی خان کو وزارت داخلہ، اسحاق ڈار کو خزانہ، شاہد خاقان عباسی کو پٹرولیم قدرتی وسائل، احسن اقبال کو منصوبہ بندی و ترقیات، خواجہ آصف کو پانی وبجلی، سینیٹرپرویزرشید کو اطلاعات ونشریات، خواجہ سعد رفیق کو ریلوے،زاہد حامد کو قانون و انصاف، صدرالدین راشدی کو فوڈاینڈسیکیورٹی، برجیس طاہر کو پارلیمانی امور، سرداریوسف کو مذہبی امور، عبدالقادر بلوچ کو ریاست وسرحدی امور، کامران مائیکل کو اقلیتی امور، رانا تنویر کو امور کشمیر اور مرتضی جتوئی کو صنعتوں کا قلمدان سونپا گیا ہے۔ کابینہ میں خارجہ امور کی وزرات ابھی تک کسی کو نہیں سونپی گئی ہے تاہم طارق فاطمی خارجہ امور کا معاون خصوصی بنایا گیا ہے۔

وزرائے مملکت میں میاں بلیغ الرحمان،بیرسٹرعثمان ابراہیم،شیخ آفتاب احمد،خرم دستگیر، انوشہ رحمان،سائرہ افضل تارڑ،پیرامین الحسنات،جام میرکمال اورعبدالحکیم شامل ہیں۔
Load Next Story