کینگروز نے پاکستانی سائیڈ کو ہی ’ڈرپوک‘ قرار دیدیا

پریکٹس میچ میں میزبان نے فرنٹ لائن اسپنرز کو ہم سے چھپاکر رکھا،نائب کپتان

گرین کیپس میدان میں اترنے سے پہلے ہی دفاعی حکمت عملی اپناچکے، ہیزل ووڈ۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
کینگروز نے پاکستانی سائیڈ کو ہی 'ڈرپوک' قرار دے دیا۔

آسٹریلیا سے واحد ٹور میچ میں پاکستان اے ٹیم میں ایک بھی فرنٹ لائن اسپنر شامل نہیں تھا، جس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے آسٹریلیا نے4 وکٹ پر 494 رنز بناکر پہلی اننگز ڈیکلیئرڈ کی، نائب کپتان جوش ہیزل ووڈ نے اس مقابلے میں بغیر کسی اسپیشلسٹ اسپنر کے اے ٹیم کو کھلانے کے فیصلے پر انگلی اٹھا دی، وہ سمجھتے ہیں کہ 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز سے قبل ہی میزبان خوفزدہ ہوچکے لہذا دفاعی حکمت عملی اختیار کرلی۔

جوش ہیزل ووڈ نے کہاکہ میں سمجھتا ہوں کہ ہمارے خلاف ایک بھی اسپیشلسٹ اسپنر نہ کھلاکر پاکستان نے ایک شرمیلی یا ڈرپوک سائیڈ کا ثبوت دیا ہے، انھوں نے اپنے فرنٹ لائن سلو بولرز ہم سے چھپاکر رکھے، اگر ان کی جگہ کوئی اور ہوتا تو اپنے بہترین اسپنرز استعمال کرکے ہمیں 2 مرتبہ آئوٹ کرنے کی کوشش کرتا تاکہ ہمارے بیٹسمینوں کے ذہنوں میں اپنی صلاحیتوں کے حوالے سے شکوک پیدا ہوتے۔


آسٹریلوی نائب کپتان نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ میزبان نے اپنے اسپن آپشن ظاہر نہ کرکے خوفزدہ ہونے کا ثبوت دیا ہے، مگر ہمیں بھی اسکی پرواہ نہیں کیونکہ ہم نیٹس میں بہت سے اسپنرز کا سامنا کرچکے ہیں، ہم نے بھارت سے اسپنرز بلوائے، وہ تینوں ہمیں سلو کنڈیشنز کیلیے تیار ہونے میں بھرپور مدد فراہم کررہے ہیں۔

ہیزل ووڈ نے مزید کہاکہ اگرچہ ہمارے بیٹسمینوں نے اس مقابلے میں زیادہ تر پیسرز کا سامنا کیا مگر وکٹ پر انھیں وقت گزارنے کا خاطر خواہ موقع میسر آیا، بڑا اسکور کرنے سے انکے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا جو سیریز میں کام آئیگا۔

 
Load Next Story