امریکی حمایت کے بغیر شاہ سلمان دو ہفتے بھی حکمراں نہیں رہ سکتے ٹرمپ

شاہ سلمان کو سعودی حکومت کی حفاظت پر مامور امریکی فوج کو معاوضہ دینا چاہیے، امریکی صدر


ویب ڈیسک October 03, 2018
شاہ سلمان کوسعودی حکومت کی حفاظت پر مامور امریکی فوج کو معاوضہ دینا چاہیے،امریکی صدرفوٹو : فائل

ISLAMABAD: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی حکومت امریکی فوج کی حمایت کے بغیر دو ہفتے بھی نہیں چل سکتی ہے۔


قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق صدر ٹرمپ نے امریکی ریاست میسی سپی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ امریکا سعودی عرب کی حفاظت کرتا ہے اور میں نے سعودی فرمانروا سے ملاقات میں واضح کر دیا تھا کہ امریکا کی مدد کے بغیر وہ دو یا تین ہفتے سے زیادہ اپنی حکمرانی قائم نہیں رکھ سکتے۔

سعودی عرب کے قریبی اتحادی سمجھے جانے والے امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ میں نے شاہ سلمان سے اپنی ملاقات میں مطالبہ کیا کہ امریکی فوج کو سعودی حکومت کی حفاظت کرنے کا معاوضہ دیا جانا چاہیے اور معاوضے کے بغیر خدمات زیادہ عرصے تک حاصل نہیں کی جا سکتی ہیں۔

امریکی صدر یہ بتانے سے قاصر رہے کہ یہ باتیں شاہ سلمان کو کب اور کہاں کی گئیں، ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارت کا قلمدان سنبھالنے کے بعد سب سے پہلا غیر ملکی دورہ سعودی عرب کا کیا تھا اور ہفتے کے روز ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلی فونک گفتگو بھی کی تھی۔

امریکا اور سعودی عرب کے درمیان یوں تو مصالحانہ تعلق قائم ہے اور کئی امور پر دونوں اتحادی بھی ہیں لیکن تیل کی بڑھتی قیمتوں سے نالاں ٹرمپ کی سعودی عرب پر تنقید اتنی بھی معنی خیز نہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔