مہنگائی کی شرح میں ایک ہفتے کے دوران 085 فیصد کا اضافہ

ٹماٹر، ایل پی جی، مرغی، پٹرول، دودھ، گندم، پیاز اور گڑ سمیت 27 اشیا کی قیمتیں بڑھ گئیں

4 اشیا کے نرخ کم، 22 کے مستحکم رہے، زیادہ بوجھ ماہانہ 35 ہزار تک کمانے والوں پر پڑا۔ فوٹو: ایکسپریس

نئی حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے ساتھ ہی گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ملک بھر میں مہنگائی کی شرح میں 0.85 فیصد جبکہ سال بہ سال 4.02 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان بیورو شماریات (پی بی ایس) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 6 جون کو اختتام پذیر ہونے والے ہفتے کے دوران ٹماٹر، ایل پی جی، زندہ مرغی، پٹرول، تازہ دودھ،گندم، پیاز، گڑ اور کھلے گھی سمیت27 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، 4 اشیائے ضروریہ بشمول ڈیزل، آلو، لہسن وسرخ مرچ پاؤڈر کی قیمتوں میں کمی جبکہ چینی، مٹی کے تیل سمیت22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا۔




رپورٹ کے مطابق اس عرصے کے دوران قیمتوں کا حساس اشاریہ 194.71 پوائنٹس رہا۔ رپورٹ کے مطابق 8 ہزار روپے تک کی آمدنی والے گروپ کے لیے مہنگائی کی شرح میں 0.80 فیصد، ماہانہ 12 ہزار آمدن والوں کے لیے 0.81 فیصد، ماہانہ18 ہزار کمانے والوں کے لیے 0.84 فیصد، ماہانہ 35 ہزار آمدنی والوں کے لیے 0.87 فیصد اور ماہانہ 35 ہزار روپے سے زائد کمانے والوں کے لیے مہنگائی کی شرح میں0.86 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
Load Next Story