انڈر پاس کی تعمیر کیلیے کیپری سینما تا نمائش چورنگی ٹریک آج سے بند

چہلم امام حسینؓ کے بعد دوسرا ٹریک نمائش چورنگی تا کیپری سینما ٹریفک کے لیے بند کرکے ترقیاتی کام شروع ہوگا۔


Staff Reporter October 04, 2018
انڈر پاس کے دونوں ٹریک پر چھت کی تعمیر پانچ ماہ میں مکمل کرکے اسے ٹریفک کیلیے کھول دیا جائیگا۔ فوٹو: فائل

گرین لائن بس منصوبے کے دوسرے فیز نمائش چورنگی پر زیر تعمیر انڈر پاس کے ترقیاتی کاموں کی وجہ سے کیپری سینما تا نمائش چورنگی جانے والا ٹریک آج سے ٹریفک کے لیے بند کردیا جائے گا۔

کراچی انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (کے آئی ڈی سی ایل) کے متعلقہ افسران نے ایکسپریس کو بتایا کہ گرین لائن بس منصوبے کے فیز ون بی نمائش چورنگی پر انڈر پاس کی تعمیرات کے دوران ٹریفک کا متبادل پلان تیار کرلیا گیا ہے جو ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کربناگیا ہے۔

اس ٹریفک پلان کے تحت مینس فیلڈ روڈ اور گارڈن روڈ کو ٹاور اور صدر سے آنے والی ٹریفک کے لیے استعمال کیا جائے گا جبکہ گرومندر سے صدر اور ٹاور جانے والی ٹریفک کو نیو ایم اے جناح روڈ، پیپلزچورنگی اور پریڈی اسٹریٹ سے گزارا جائے گا ،صدر اور ٹاور سے شہر کے مختلف علاقوں میں آ نے والے ٹریفک کو بھی پریڈی اسٹریٹ اور پیپلزچورنگی سے گزارا جائے گا۔

متعلقہ افسران نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کمشنر کراچی کی زیر صدارت اجلاس میں سڑکوں کی امپرومنٹ سے متعلق جو فیصلے ہوئے ہیں اس پر عمل درآمد کیا جاچکا ہے، سڑکوں کو چوڑا کرکے کئی مقامات پر استرکاری کردی گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ منصوبہ بندی کے تحت 4 اکتوبر سے نمائش چورنگی کے ایک ٹریک کیپری سینما تا نمائش چورنگی کو ٹریفک کے لیے بند کرکے تعمیراتی کام شروع کیا جائے گا، چہلم حضرت امام حسینؓ کے بعد دوسرے ٹریک پر تعمیراتی کام شروع کیا جائے گا جس کے لیے یہ ٹریک بھی ٹریفک کے لیے بند کردیا جائے گا۔

متعلقہ افسران نے کہا کہ نمائش چورنگی شہر کی مصروف ترین چورنگی ہے، انڈر پاس کی تعمیرات کی وجہ سے عوام کو متبادل سڑکوں پر ٹریفک جام کا سامنا ہوگا،عوام کی پریشانی کے پیش نظر ہماری کوشش ہے کہ ٹریک پر چھت کی تعمیرات کا کام 5ماہ میں مکمل کرکے روڈ تعمیر کردی جائے،دونوں ٹریک پرچھت ڈالنے کا کام مکمل کرکے اسے ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا اور دونوں ٹریک کے نیچے انڈر پاس کا تعمیراتی کام چلتا رہے گا۔

انھوں نے کہا کہ یہ ملٹی اسٹوری انڈر پاس ہوگا جس میں بسوں کی پارکنگ کا انتظام بھی کیا جائے گا،انڈر پاس کے منصوبے کی تکمیل کی مدت 9ماہ ہے،کوشش ہے منصوبہ جلد ازجلد مکمل کرلیا جائے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔