چائنا مشینری انجینئرنگ کا حبکو تھر پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کا اعلان

کارپوریشن ابتدائی طور پر تھر انرجی لمیٹڈ میں 3.9ملین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کرے گی


Staff Reporter October 04, 2018
کارپوریشن ابتدائی طور پر تھر انرجی لمیٹڈ میں 3.9ملین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کرے گی۔ فوٹو: فائل

پاکستان کی سب سے بڑی آئی پی پی حبکو نے اپنی ذیلی کمپنی تھر انرجی لمیٹڈ میں چائنا مشینری انجنیئرنگ کارپوریشن کی جانب سے سرمایہ کاری کا اعلان کردیا۔

چائنا مشینری انجنیئرنگ کارپوریشن ابتدائی طور پر تھر انرجی لمیٹڈ میں 3.9ملین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کرے گی۔ تھر انرجی لمیٹڈ تھر بلاک ٹو میں مقامی کوئلے سے بجلی پیداکرنے کے پہلے منصوبوں میں سے ایک ہے جس کو حب پاور کمپنی کی جانب سے 330میگا واٹ فائرڈ اگنائٹ پاور پلانٹ قائم کرنے کے لیے بنایا تھا۔

کمپنی سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق حب پاور کمپنی ، فوجی فرٹیلائزر اور چائنا مشینری انجنیئر نگ کارپوریشن کے ساتھ تھر انرجی لمیٹڈ میں بالترتیب 30اور10فیصد سرمایہ کاری کے معاہدے پر دستخط کرچکی ہے جبکہ فوجی فرٹیلائزرکمپنی اس سال کے ابتدا ہی سے تھر انرجی لمیٹڈ میں اپنی سرمایہ کاری کا آغاز کرچکی ہے۔

کمپنی نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے چائنا ڈیولپمنٹ بینک جبکہ مقامی سرکایہ کاری کے لیے حبیب بینک کو نامزد کیا ہے۔ مارچ 2021 تک کمپنی کے کمرشل آپریشن شروع کرنے کی توقع کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ حب پاور کمپنی حب، نارووال اور آزاد کشمیر میں موجود اپنے تین پاور پلانٹس کے ذریعے 1601میگاواٹ بجلی پیدا کررہی ہے۔کمپنی اس وقت ملک کی واحد بجلی پیدا کرنے والی کمپنی ہے جس نے چائنا پاکستان اقتصادی راہداری میں شامل تین منصوبوں چائنا پاور حب جنریشن کمپنی، سندھ اینگرول مائننگ کمپنی اور تھر انرجی لمیٹڈ میں سرمایہ کاری کررکھی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔