سانحہ 12 مئی کی جے آئی ٹی کے لیے نگراں جج مقرر

جے آئی ٹی مقرر کردہ ہر 15 روز بعد نگراں جج کو پیش رفت سے آگاہ کرے گی

سانحہ 12 مئی کی جے آئی ٹی کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ ہیں فوٹو: فائل

سندھ ہائی کورٹ نے سانحہ 12 مئی کی از سر نو تحقیقات کے لیے بنائی گئی جے آئی ٹی کے لیے نگراں جج مقرر کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے سانحہ 12 مئی 2007 کی جے آئی ٹی کی نگرانی کے لیے عدالت عالیہ کے جسٹس صلاح الدین پنہور کو نگراں جج مقرر کردیا ہے۔ جے آئی ٹی ہر 15 روز بعد نگراں جج کو تفتیش میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کرے گی۔


محکمہ داخلہ سندھ نے 28 ستمبر کو جے آئی ٹی کی تشکیل کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا، جس کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ ہیں۔

جے آئی ٹی اس بات کی تحقیقات کرے گی کہ سانحہ 12 مئی کس کے حکم پر ہوا؟ واقعے کا ماسٹر مائنڈ کون تھا؟، اس سانحے کے مقدمات داخل دفتر کیوں اور کس وجہ سے ہوئے؟ ۔

واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے 11 ستمبر کو سانحہ 12 مئی 2007 کے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سانحہ کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنانے کا حکم دیا تھا۔
Load Next Story