بھتہ خوروں اور پرچی مافیا کیخلاف کارروائی جاری رکھنے کا حکم

بھتہ خوری پر جلد قابو پا لیا جائے گا، قائم علی شاہ


Staff Reporter August 17, 2012
امن و امان کی بہتر صورت حال کے باعث بازاروں میں تجارتی سرگرمیاں بحال ہوگئیں، قائم علی شاہ۔ فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے واضح کیا ہے کہ بھتہ خوروں ، پرچی مافیا اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے گی ، ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے، یہ بات انھوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ امن و امان کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، صوبے سندھ باالخصوص کراچی میں امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لینے کیلیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس ، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی جانب سے امن و امان قائم کرنے کیلیے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کی بہتر صورت حال کے باعث تجارتی مراکز ، بازاروں میں تجارتی سرگرمیاں بحال ہوگئی ہیں اور بازاروں کی رونقیں بھی لوٹ آئی ہیں، کڑی نگرانی، گشت اور اسنیپ چیکنگ میں اضافہ کیا جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مجرموں کی طرف سے ٹارگٹ کلنگ کے رجحان میں تبدیلی آئی ہے اور بھتہ خوری میں نمایاں کمی رونما ہوئی ہے ، انھوں نے کہا کہ کچھ دہشت گرد گروہ جرائم پیشہ کارروائیوں میں ملوث ہیں جن کی سخت نگرانی کی ضرورت ہے تاکہ شہر میں کسی بھی نا گہانی واقعے سے بچا جاسکے، سید قائم علی شاہ نے کہا کہ پولیس ، رینجرز اور دیگر اداروں کی طرف سے مربوط اقدامات کے سبب مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور امید ہے کہ بھتہ خوری پر جلد قابو پا لیا جائے گا اور پرچی مافیا کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا، ڈی جی رینجرز ، آئی جی سندھ پولیس ، ایڈیشنل آئی اور دیگر قانون حساس اداروں کے حکام نے امن وامان کو بہتر بنانے کیلیے اٹھائے جانے والے اقدامات سے اجلاس کو آگہی دی۔

ڈی جی رینجرز نے بتایا کہ حالیہ کارروائی میں رینجرز نے 16 بھتہ خور اور 15 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کیا ہے، آئی جی سندھ پولیس نے بتایا کہ کراچی کے مختلف علاقوں سے کارروائی کے دوران 600 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں سے 110 افراد ضمانت پر رہا کیے گئے، انھوں نے کہا کہ وفاقی وزارت داخلہ کے احکامات کے تحت سی ڈی آر کے کے ذریعے غیر رجسٹرڈ سموں کو بلا کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی بارڈرز کے داخلہ پوائنٹس پر چیکنگ میں اضافہ کرنے کے احکامات دیے تاکہ دہشت گردی اور مجرموں کی نقل و حمل کی سخت نگرانی کی جائے، انھوں نے کراچی اور حیدرآباد ٹول پلازہ پر بھی سخت چیکنگ کی ہدایت کی، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے شاپنگ مال اور بازاروں میں سیکورٹی کے سخت اقدامات کی ہدایت دی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |