ٹی 10 لیگ پی سی بی کے گلے کی ہڈی بن گئی

حکام پر کھلاڑیوں کوریلیزکرنے اور نہ کرنے دونوں حوالے سے دباؤ موجود،ذرائع

چیئرمین پیرکوواپسی پرفیصلہ کریں گے، زیرمعاہدہ کرکٹرزکواجازت نہ ملنے کا امکان۔ فوٹو: فائل

ٹی10لیگ پی سی بی کے گلے کی ہڈی بن گئی جب کہ حکام پر پلیئرزکوریلیزکرنے اور نہ کرنے دونوں حوالے سے دباؤ موجود ہے۔

ٹی10 لیگ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو مشکل کا شکار کر دیا ہے، حکام پر پلیئرز کو ریلیز کرنے اور نہ کرنے دونوں حوالے سے دبائو موجود ہے، گزشتہ برس پہلے ایونٹ کے دوران ایک پی ایس ایل فرنچائز اونر لیگ سے منسلک تھے، اب وہ سنگین الزامات لگاتے ہوئے الگ ہو چکے۔

دوسری جانب پہلے ایونٹ کا مخالف ایک اور میڈیاگروپ اب لیگ کو بھرپور سپورٹ کر رہا ہے، کھلاڑیوں کی جانب سے بھی این او سی کیلیے درخواستیں موصول ہو رہی ہیں، پہلے ہی افغان لیگ کیلیے کسی موجودہ کرکٹر کو ریلیز نہیں کیا گیا، اب بھی نہ بھیجنے پر وہ مزید تلملائیں گے۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے گزشتہ دنوں ٹی ٹین لیگ کیلیے ماضی میں پلیئرزکو ریلیز کرنے پر حیرت ظاہر کرتے ہوئے معاملات خود دیکھنے کا اعلان کیا تھا، وہ اب تک کسی فیصلے پر نہیں پہنچ سکے ہیں، ان دنوں انگلینڈ میں موجود چیئرمین پیر کو لاہور واپسی کے بعد ہی کوئی قدم اٹھائیں گے،البتہ پی ایس ایل فرنچائزز کھلاڑیوں کو لیگ میں شرکت کی اجازت دینے کے حق میں نہیں ہیں۔


ادھر منتظمین یہ اعلان کر چکے کہ آئی سی سی نے ایونٹ کو کلین چٹ دیدی اسکے باوجود پی سی بی کیلیے چند روز قبل مخالفت اور اب حمایت کا فیصلہ آسان نہیں ہے، اس بار اسے6 لاکھ ڈالرز دینے کا کہا گیا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ اب تک کی اطلاعات کے مطابق زیرمعاہدہ کسی کھلاڑی کو ایونٹ کیلیے ریلیز نہیں کیا جائیگا، البتہ دبائو زیادہ بڑھنے پر بورڈ نے فیصلہ تبدیل کیا تو اور بات ہے۔

یاد رہے کہ ٹی ٹین لیگ23 نومبر سے2 دسمبر تک شارجہ میں ہوگی، اس دوران پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ سے یو اے ای میں ہی ٹیسٹ سیریز کھیل رہی ہوگی لہذا کئی کھلاڑی ویسے ہی ایونٹ کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔

 
Load Next Story