کراچی پی ایس 128 سے ایم کیو ایم کے وقار شاہ کامیاب غیر حتمی غیر سرکاری نتائج

حلقہ پی ایس 128 کے کل 72 پولنگ اسٹیشنز سے ایم کیو ایم کے وقار شاہ نے 23827 ووٹ حاصل کئے، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج


ویب ڈیسک June 08, 2013
متحدہ دینی محاذ کے اورنگزیب فاروقی 23 ہزار 625 لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

حلقہ پی ایس 128 کے 6 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر حتمی نتائج آنے کے بعد ایم کیو ایم کے وقار شاہ 202 ووٹ کے فرق سے اس حلقے سے کامیاب ہوگئے ہیں۔

حلقہ پی ایس 128 کے 6 پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہا، توحید آباد، داؤدچالی، بسم اللہ کالونی، رضی مارکیٹ اور فردوس کالونی میں قائم پولنگ اسٹیشنز پر کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 9 ہزار 547 تھی تاہم ووٹنگ کی شرح کم رہی۔ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق ایم کیو ایم کے وقار شاہ نے حلقے کے کل 72 پولنگ اسٹیشنوں سے 23 ہزار 827 ووٹ حاصل کئے جبکہ متحدہ دینی محاذ کے اورنگزیب فاروقی 23 ہزار 625 لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے ان 6 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے، پولنگ عملہ اور انتخابی سامان کی ترسیل فوج کی نگرانی میں کی گئی، پولنگ اور ووٹوں کی گنتی تک ہر پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر فوجی تعینات کئے گئے جن کے ساتھ پولیس اور رینجرز اہلکار بھی موجود رہے۔

واضح رہے کہ انتخابات کے روز ہونے والے دھماکے کے باعث ان پولنگ اسٹیشنز انتخابی عمل متاثر ہوا تھا، ان پولنگ اسٹیشنز سے آنے والے نتائج پر متحدہ دینی محاذ کے امیدوار اورنگزیب فاروقی نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا، عدالتی حکم کے تحت یہاں دوبارہ پولنگ کرائی گئی ہے۔ پیپلز پارٹی، اے این پی اور تحریک انصاف کی جانب سے پولنگ کا بائیکاٹ کیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |