آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ ٹرافی کی مری کی سیر

جنیدخان نے دامن کوہ اور فیصل مسجد اسلام آبادکے سبزہ زارمیں بھی نمائش کی

ٹرافی کو پاکستان لانے کا مقصد پاکستان میں کرکٹ کا فروغ ہے، ڈائریکٹر مارکیٹینگ شام۔ فوٹو:فائل

آئی سی سی ورلڈ کپ2019 کی ٹرافی نے مری کے پُرفضا مقام پر جلوہ دکھا دیا اور چنارکلب بھوربن میں جنید خان نے رونمائی کی۔

پاکستان کے دورے پر آنے والی آئی سی سی ورلڈ کپ 2019کی ٹرافی کا اسلام آباد،راولپنڈی اور گردونواح میں سفر مکمل ہوگیا، ٹیسٹ کرکٹر جنید خان نے فیصل مسجد کے سبزہ زار اور دامن کوہ میں ٹرافی کو فضا میں بلند کیا، اسلام آباد کے شہری اور فیصل مسجد کی سیر پر آئے افراد اس موقع پر خاصے پُرجوش دکھائی دیے اور ٹرافی کو ہاتھ لگانے کی ناکام کوشش کرتے رہے۔

ٹرافی نے مری کے پُرفضا مقام پر جلوہ دکھایا، چنارکلب بھوربن میں بھی جنید خان نے رونمائی کا اعزاز حاصل کیا۔ اسلام آباد کی کسی معروف شخصیت کو تقریب میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔


جیند خان نے کہاکہ آئی سی سی ورلڈکپ ٹرافی کا پاکستان آنا خوش آئند ہے،ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بھی جلد کھل جائیں گے، انھوں نے مزید کہا کہ اگر میں میگا ایونٹ کیلیے قومی اسکواڈ کا حصہ بنا تو یہی ٹرافی پاکستان لانے کیلیے اہم کردار ادا کرنے کی کوشش کروں گا۔

دریں اثنا راولپنڈی، اسلام آباد اور مری کا ٹور کرتے ہوئے بڑی تعداد میں شائقین کرکٹ موجود تھے لیکن کسی کو ٹرافی کو چھونے کی اجازت نہیں تھی، صرف سابق ٹیسٹ کرکٹر عبد القادر، کامران اکمل اور جنید خان نے ٹرافی کو اٹھایا۔

ٹرافی کے ہمراہ آنے والے آئی سی سی آفیشل کا کہنا تھاکہ ٹرافی کی حفاظت اور صفائی ہماری ذمہ داری ہوتی ہے، جب دورہ مکمل ہوگا تو اسے جراثیموں سے پاک کرنے کیلیے خاص کیمیکل سے صاف کیا جائے گا۔
Load Next Story