سلانوالی میں ن لیگی رہنما دانیال عزیز کے قبضے سے 13 مربع زمین واگزار

سابق وزیر 2400 کنال اراضی پر قابض تھے، انکوائری کے بعد اینٹی کرپشن کی کارروائی


Numaindgan Express October 07, 2018
حجرہ میں بھی تجاوزات کیخلاف آپریشن ، گزشتہ ماہ ریلوے کی 8 ایکڑ سے زائد اراضی واگزار۔ فوٹو : فائل

اینٹی کرپشن نے کارروائی کرتے ہوئے محکمہ مال کی ملی بھگت سے اربوں روپے کی سرکاری اراضی پر قابض سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز کے قبضے سے 13 مربع زمین واگزار کرالی۔

عاصم رضا ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا کو باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا تھا کہ سرکاری رقبہ تقریباً 2400 کنال واقع 170/172 سلانوالی میں انور عزیز نے 1960 میں محکمہ لائیو اسٹاک سے لیز پر لیا تھا جس کی مدت 2000 میں ختم ہو گئی تھی، اب 18 سال سے اس سرکاری زمین پر ان کے بیٹے سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز ناجائز طور پر قابض ہیں جس پر ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے انکوائری نمبر 206/2018 کا حکم دیتے ہوئے عروج الحسن ڈپٹی ڈائریکٹر (تفتیش) اور اسرار حسین کاظم اسسٹنٹ ڈائریکٹر (مانیٹرنگ) اینٹی کرپشن سرگودھا کو انکوائری آفیسر مقرر کیا۔

دوران انکوائری ریکارڈ کی مکمل چھان بین کی گئی اور معلوم ہوا کہ سرکاری رقبہ تقریباً 2400کنال واقع 170/172 سلانوالی پر انور عزیز وغیرہ محکمہ مال کی ملی بھگت سے ناجائز قابض ہیں، جس پر اینٹی کرپشن سرگودھا کی ٹیم نے مقامی پولیس کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے سرکاری رقبہ واگزار کرا لیا ہے۔

دوسری جانب حجرہ شاہ مقیم میں شاہراہ عام پر ناجائز قابضین کے خلاف آپریشن کیا گیا جس کے نتیجے میں بس اڈے پر تجاوزات کو ختم کرکے سرکاری اراضی واگزار کرا لی گئی، اس دوران پولیس کی نفری بھی موقع پر موجود تھی۔

ادھر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی ہدایات پر پاکستان ریلوے پولیس اور محکمہ ریلوے قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے، اس سلسلے میں گذشتہ ماہ کے دوران ملک بھر میں اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کے دوران 8 ایکڑ 6 کنال سے زائد ریلوے اراضی قبضہ مافیا سے وا گزار کروائی گئی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں