بجٹ کا اعلان بدھ کو ہوگا مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ ختم کرنے میں برسوں لگیں گے وفاقی وزرا
فیصلہ کرنا ہوگا کہ سی این جی چاہیے یا بجلی،وزیر پٹرولیم، میڈیا سے گفتگو، بیشتر وزرا نے چارج سنبھال لیا
وزیراعظم میاں نواز شریف کی کابینہ کے تمام وزرا نے ہفتے کو اپنی وزارتوں کا چارج سنبھال لیا۔
پہلے روز وزرا کو وزارتوں کی ورکنگ پر بریفنگ دی گئی اور تعارفی اجلاس منعقد ہوئے۔ ان اجلاسوں میں تمام وفاقی وزیروں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ مہنگائی اورلوڈشیڈنگ ختم کرنے میں برسوں لگیں گے، یہ مسائل ایک دن میں حل نہیں ہوسکتے۔ وفاقی وزیروں کے ان اعترافی بیانات کے بعد ملک بھر کے عوام کے وہ تمام سہانے خواب، امیدیں اور توقعات چکناچور ہوگئیں جو انھوں نے ن لیگ سے انتخابی مہم کے دوران وابستہ کی تھیں۔ الیکشن مہم کے دوران ن لیگ کی قیادت سے لیکر تمام نمایاں رہنماؤں نے بیروزگاری، بجلی کی لوڈشیڈنگ ، امن وامان اور مہنگائی کے حوالے سے سابقہ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور یہ دعوے کیے تھے کہ اگر انھیں اقتدار ملا تو عوام بہت جلد صورتحال تبدیل دیکھیں گے۔ دوسری جانب وفاقی بجٹ کا اعلان بدھ 12 جون کو کیا جائے گا۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ وزیر خزانہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ مسائل ایک دن میں حل نہیں ہوسکتے۔ آئی این پی کے مطابق وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے چارج سنبھالنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف لوڈ شیڈنگ میں کمی لانے اور توانائی کے بحران کے خاتمے کیلیے اگلے چند روز میں انرجی پالیسی عوام کے سامنے پیش کریں گے۔شارٹ ٹرم، لانگ ٹرم اور میڈیم ٹرم پالیسیوں کا اعلان کیا جائے گا۔ 13 سے 14 سال پرانے مسئلے کو حل کرنے میں وقت لگے گا، میں اتنا ناتجربہ کار نہیں کہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی ڈیڈ لائن دیدوں تاہم عوام کو ریلیف ضرور دیں گے، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اگر کسی علاقے میں کی گئی تو پہلے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ پورے ملک میں یکساں لوڈ شیڈنگ کی جائے گی۔
رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ میں حتیٰ الامکان کمی کی کوشش کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیرمنصوبہ بندی وترقیات وڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن احسن اقبال نے کہاکہ ہم بینظیرانکم سپورٹ پروگرام جاری رکھیں گے تاہم اس میں شفافیت لائی جائے گی۔ نومنتخب حکومت کیلیے سب سے بڑاچیلنج توانائی کابحران ہے۔ ہماری حکومت پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے سمیت توانائی کے جاری منصوبوں کوترجیحی بنیادوں پرمکمل کرے گی۔ ترقی کا5 سالہ منصوبہ بنائیں گے اورترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلیے مانیٹرنگ سسٹم قائم کیا جائے گا۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت میں کرپشن روکنے والے اداروںمیں کرپٹ اوربدعنوان لوگوں کو تعینات کیاگیا۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزارت داخلہ کا قلمدان سنبھالنے سے قبل میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ امن و امان صوبائی معاملہ ہے۔
تاہم امن و امان کے حوالے سے صوبائی حکومتوں سے تعاون اور رابطوں کو بہتر بنایا جائے گا۔ سندھ اور خیبر پختونخواکی حکومتوں کے ساتھ سیاست سے بالاتر ہو کر بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ ملک میں قیام امن کیلیے صوبائی حکومتوں سے رابطوں اور انٹیلی جنس شیئرنگ کو یقینی بنایا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ کسی کے کام میں مداخلت کروں گا نہ میرے کسی اقدام سے سیاست نظر آئے گی۔ انھوں نے کہا کہ مجھے اس سے غرض نہیں کہ کس افسر کو وزارت داخلہ میںکس نے لگایا؟، کون کس کے رشتے دار ہیں یا آپ نے کس کو ووٹ دیا ؟۔ اگر آپ صحیح کام کریں گے، دیانتداری اور پاکستان کے مفاد کو مد نظر رکھ کر کریں گے تو پھر آپ کو وزارت داخلہ میں کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔ میں آپ سے کبھی بھی کوئی سیاسی کام لوں گا نہ خود کوئی غلط کام کروں گا۔ چوہدری نثار نے کہا کہ چھوٹی موٹی غلطیاں قابل برداشت ہیں مگر دیانتداری اور پاکستان سے کمٹمنٹ کے سلسلے میں تھوڑی سے بھی لغزش برداشت نہیںکروں گا۔
اسلام آباد سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے ''ایکسپریس '' سے گفتگو میں کہا ہے سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق جلد چیئرمین نیب کا تقرر کر دیا جائیگا، دہشتگردی سے نمٹنے کیلیے موثر قانون سازی کی جائیگی۔ احتساب کے نظام کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے ، اس مقصد کیلیے قانون سازی کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ احتساب کا ایک بل پہلے سے قائمہ کمیٹی میں زیر غور ہے، حکومت کی کوشش ہوگی کہ اس بل کو چندترامیم کیساتھ پارلیمنٹ سے جلد منظورکیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کا معاملہ انسانی حقوق کے حوالے سے بنیادی اہمیت کا حامل ہے ، حکومت کی اولین کوشش ان افراد کی بازیابی ہو گی تاہم اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ کوئی مجرم سزا سے بچ نہ سکے اور بے گناہ کیساتھ زیادتی نہ ہو۔ آئی این پی کے مطابق وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی سکندر حیات بوسن نے کہا ہے کہ میری اور موجودہ حکومت کی یہ ترجیح ہو گی کہ سائنسدانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔
تا کہ وہ ملک کو زراعت میں خود کفیل بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کر سکیں۔ وزارت کو دوبارہ اصلی حالت میں بحال اور مضبوط کیا جائے گا، زراعت کی ترقی سے ملک کو خوشحال بنایا جائیگا، میں اس وزارت میں چھوٹے کاشتکاروں کی نمائندگی کرنے آیا ہوں ۔وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ عوام نے کرنا ہے کہ انھیں بجلی چاہیے یا سی این جی، اگر ہم سی این جی اسٹیشنز کو گیس دیتے ہیں تو پاور پلانٹس کیلیے گیس کی کمی ہو جاتی ہے جس سے لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہوتا ہے۔چاروں صوبوں میں گیس کی یکساں بندش کو یقینی بنائیں گے۔ گیس کے نئے ذخائر کی تلاش کیلیے پالیسیوں کا تسلسل اور امن و امان ضروری ہے۔ گیس چوری روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ ہم سب صوبوں میں گیس کی مساوی لوڈشیڈنگ کریں گے۔ آئی این پی کے مطابق وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی صبح 8بجے ہی دفتر پہنچ گئے۔
جبکہ وزیرداخلہ چوہدری نثار بغیر سیکیورٹی اور پروٹوکول وزارت داخلہ آئے اور اکیلے ہی واپس گئے۔ ہفتہ کو کابینہ ڈویژن نے سرکاری دفاتر میں چھٹی منسوخ کرکے افسران اور محلے کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کررکھی تھی تاہم اعلیٰ افسران خلاف معمول پہلی بار علی الصباح دفاتر پہنچے جبکہ چھوٹے ملازمین کی اکثریت نے چھٹی منائی۔ وزیر خزانہ اسحق ڈار اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اینڈترقیات احسن اقبال اپنی گاڑیوں پر جھنڈے لگا کر دفاتر پہنچے اور چارج سنبھالا جبکہ اکثر وزرا اور وزرائے مملکت نے اپنی سرکاری یا پرائیویٹ گاڑیوں پر جھنڈے نہیں لگائے۔ وفاقی سیکریٹریٹ اسلام آباد میں گہماگہمی عروج پر رہی جہاں سیکڑوں کی تعداد میں ن لیگ کے کارکن نومنتخب وفاقی وزرا کو مبارکباد دینے انکے دفاتر میں پہنچے۔آن لائن کے مطابق وزرا میں قدرمشترک دیکھی گئی کہ تقریبا سب نے اپنے عملے سے ابتدائی گفت وشنیدمیں وزیراعظم نوازشریف کی ہدایت کے مطابق واضح طورپریہ بات کہی کہ کوئی غفلت ،کوتاہی اورکرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی جبکہ کئی وزیروں نے مختلف امورپررپورٹس بھی طلب کرلیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے جنھیں وزیرمملکت کادرجہ دیاگیاہے، نے اپنے چارج کے پہلے روزہی امریکی ناظم الامورکوطلب کرکے ڈرون حملوں پراحتجاج کیا۔