فتوحات کی شاہراہ پر پاکستانی ویمنز کا سفر جاری

بنگلہ دیش کو آخری ٹی 20 میں 7 وکٹ سے مات دے کرسیریز 3-0 سے جیت لی


Sports Desk October 07, 2018
بنگلہ دیش کو آخری ٹی 20 میں 7 وکٹ سے مات دے کرسیریز 3-0 سے جیت لی۔ فوٹو: اے ایف پی

فتوحات کی شاہراہ پر پاکستانی ویمنزکا سفر جاری ہے جب کہ ٹیم نے بنگلہ دیش کو سیریز کے چوتھے اور آخری ٹوئنٹی 20 میں 7 وکٹ سے مات دے کر سیریز 3-0 سے اپنے نام کرلی۔

کاکس بازار میں کھیلے گئے آخری ٹی 20 میں میزبان بنگلہ دیشی ویمنز ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن سیریز کے دیگر میچز کی طرح اس بار بھی وہ کوئی بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجانے میں ناکام رہی۔

اننگز کی آخری گیند پر دسویں وکٹ گری تو ٹوٹل محض 77رنز تھا، رومانہ احمد نے 31 گیندوں پر سب سے زیادہ 24 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 2 چوکے شامل رہے، فہیمہ خاتون 14 رنز بناکر انفرادی اسکور کو دہرے ہندسے تک پہنچانے والی دوسری کھلاڑی ثابت ہوئیں، نٹالیہ پرویز نے 20 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، ڈیانا بیگ اور ثنا میر نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

پاکستانی ٹیم نے آسان ہدف 14.5 اوورز میں 3 وکٹ پر حاصل کرلیا، اوپنر عائشہ ظفر 4 رنز سے آگے نہیں بڑھ پائیں، کپتان جویریہ خان 36 ، منیبہ علی 18 ناٹ آؤٹ اور ناہیدہ خان 17 رنز بناکر نمایاں رہیں، عالیہ ریاض صفر پر آؤٹ ہوئے بغیر پویلین واپس گئیں، سلمہ خاتون، رومانہ احمد اور خدیجتہ الکبری نے ایک ایک پلیئر کو آؤٹ کیا۔

یاد رہے کہ دونوں ٹیموں میں ٹور کا واحد ون ڈے انٹرنیشنل پیر کو شیڈول ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں