پی ایس ایل کے نئے پروجیکٹ ڈائریکٹر کا تقرر ہو گا

نائلہ بھٹی نے جانے کا ذہن بنالیا،میڈیا میں اشتہاردے کرنیا آفیشل لانے کا فیصلہ


Saleem Khaliq October 07, 2018
تاخیر پرذاکر،ہارون اورواہلہ میں سے ہی کسی کواضافی ذمہ داری سونپی جائے گی۔ فوٹو:فائل

پی ایس ایل کے نئے پروجیکٹ ڈائریکٹر کا تقرر ہو گا جب کہ نائلہ بھٹی نے پی سی بی کو چھوڑنے کا ذہن بنا لیا۔

سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے اپنی قریبی شخصیت نائلہ بھٹی کو ڈائریکٹر مارکیٹنگ کے ساتھ پی ایس ایل کا پروجیکٹ ڈائریکٹر بھی مقرر کر دیا تھا، ان کے دور میں وہ بھرپور اختیارات کی مالک تھیں، نجم سیٹھی کے جانے پر نائلہ بھٹی چھٹیوں پر چلی گئیں مگر چند روز بعد دوبارہ کام شروع کر دیا۔

ذرائع کے مطابق وہ اب بورڈ میں خود کو زیادہ آرام دہ محسوس نہیں کر رہیں اور عہدہ چھوڑنے کا ذہن بنا چکی ہیں، نئے چیئرمین احسان مانی نے ان سمیت تمام ملازمین کو یقین دلایا تھا کہ وہ کسی کو انتقامی کارروائی کا نشانہ نہیں بنائیں گے، اب تک انھوں نے حقیقتاً ایسا ہی کیا ہے، سابقہ بورڈ چیف کی تمام قریبی شخصیات بورڈ میں برقرار ہیں۔

چیئرمین کے پی ایس عماد حمید کو تو قومی ٹیم کا میڈیا منیجر تک بنا کر ایشیا کپ میں یو اے ای بھیج دیا گیا تھا، البتہ نائلہ بھٹی کی ''طوفانی ترقی'' پر آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں بھی اعتراض اٹھ چکا، اسی کے ساتھ ان کی تعلیمی قابلیت بھی ڈائریکٹر کی پوسٹ سے کم ہے، وہ خود جانتی ہیں کہ آج نہیں تو کل مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا اس لیے بورڈ کو چھوڑنے کا ذہن بنا چکیں۔

ذرائع کے مطابق اعلیٰ حکام اس بات سے واقف ہیں، اگر نائلہ نے رواں ماہ ہی عہدہ چھوڑ دیا تو پی سی بی میڈیا میں اشتہار دے کر نئے پی ایس ایل پروجیکٹ ڈائریکٹر کا تقرر کرے گا، البتہ ایونٹ سے ایک، ڈیڑھ ماہ قبل نائلہ کے جانے پر ذاکر خان، ہارون رشید اور عثمان واہلہ میں سے ہی کسی کو اضافی ذمہ داری سونپ دی جائے گی۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کے براڈ کاسٹنگ، ٹائٹل اسپانسر شپ و دیگر رائٹس کی فروخت کا وقت بھی جلد آنے والا ہے، لہذا بورڈ کو جلد اہم اقدامات کرنے ہونگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔