دن گرم اور راتیں خنک ہونے لگیں پارہ 40 ڈگری کو چھو گیا

سمندری ہوائیں بندہونے اورمتوازی گرم شمالی ہواؤں کی وجہ سے دن میں لوچلتی رہی۔


Staff Reporter October 07, 2018
آج گرمی40ڈگری رہے گی،تھرپارکرپرموجودہواکے کم دبائوسے سمندری ہوائیں بندرہیں،محکمہ موسمیات۔ فوٹو: فائل

شہر میں ہفتے کے دن گرمی کا پارہ 40 ڈگری کو چھوگیا، سمندری ہوائیں بند ہونے اور متوازی سمت کی گرم شمالی ہواؤں کی جہ سے دن میں لو چلتی رہی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 2 مختلف درجہ حرارت ریکارڈ ہورہے ہیں، دن گرم اور راتیں جزوی طورپر خنک ہورہی ہیں، رات کے وقت کوئٹہ اورقلات ڈویژن کی سمت سے چلنے والی جزوی خنک ہواؤں کی وجہ علی الصباح ہلکی پھلکی خنکی محسوس کی جارہی ہے اسی سبب ہفتے کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تاہم مکمل دن طلوع ہونے کے بعد ہواؤں کی سمت تبدیل ہونے اور نمی کے تناسب میں صبح کے وقت غیر معمولی طور پر اضافے کے نتیجے میں درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

گزشتہ روز ہواؤں کی سمت تبدیل ہونے اور مسلسل بڑھتے درجہ حرارت کے دوران دن کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے میں توازن رہا اور دن بھر نمی کا تناسب 12فیصد ریکارڈ کیا گیا جس کی وجہ سے شدید لو چلنے اور گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) جیسی صورتحال پیدانہیں ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق تھرپارکر پر موجود ہوا کے کم دباؤ کی وجہ سے ہفتے کو سمندری ہوائیں مسلسل کئی گھنٹے تک بند رہیں متوازی سمت سے چلنے والی گرم اور خشک ہوائیں شہر میں داخل ہوئیں جس کی وجہ سے درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

محکمہ موسمیات نے آج (اتوار) کو بھی شہر میں گرم اور خشک دن کی پیش گوئی کی ہے جس کے دوران گرمی کا پارہ40 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھوسکتا ہے، ہفتے کو درجہ حرارت میں اضافے کے ساتھ گردآلود موسم بھی ریکارڈ کیا گیا جس کے دوران حدنگاہ متاثر ہوئی اور 6کلومیٹر سے کم ہوکر3 کلومیٹر رہ گئی تھی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی موجودہ لہر منگل تک برقرار رہنے کا امکان ہے بدھ سے درجہ حرارت دوبارہ معمول پر آنا شروع ہوجائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔