شہریوں کی نیندیں حرام کرنے والے 7گینگز قانون کے شکنجے میں

کل 28ملزم گرفتار ہوئے، معاشرے کے ناسوروں کا قلع قمع کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے، ڈی پی او


ندیم خان October 07, 2018
کل 28ملزم گرفتار ہوئے، معاشرے کے ناسوروں کا قلع قمع کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے، ڈی پی او۔ فوٹو: فائل

ضلع میں عرصہ دراز سے سماج دشمن عناصر کی وارداتوں کی وجہ سے شہریوں کی رات کی نیند اور دن کا چین حرام ہو چکا تھا۔ کوئی دن ایسا نہیں گزرتا کہ درجنوں وارداتوں میں شہریوں کو مال و زر سے محروم نہ کر دیاجاتا ہو۔

ڈاکوئوں، چوروں اور نوسربازوں کے مختلف گینگز سرشام ہی شکار کی تلاش میں خاص کر نواحی علاقوں میں ناکے لگا کر بیٹھ جاتے تھے۔ ان گینگز کی اس قدر دہشت تھی کہ نواحی علاقوں کے تمام چکوک کے افراد شام سات بجے کے بعد یہاں سے گزرنا ترک کر چکے تھے، جس کی وجہ سے سرشام ہی یہاں ہو کا عالم ہو جاتا تھا جب کہ پولیس نے بھی کبھی ان کے خلاف کارروائی کی جرات نہیں کی تھی لیکن ڈی پی او محمدحسن رضا خان نے چارج سنبھالتے ہی سٹی ایریا میں بڑھتی ہوئی وارداتوں کے پیش نظر ایس ڈی پی او سٹی سعید اللہ خان کی نگرانی میں سٹی سرکل کے ایس ایچ اوز پر مشتمل مختلف ٹیمیں تشکیل دیکر سنگین وارداتوں میں ملوث ملزمان کو قانون کی نکیل ڈالنے اورعوام سے چھینا گیا مال برآمد کرنے کا حکم دیا تو ڈی ایس پی سٹی سعید اللہ خان کی نگرانی میں ایس ایچ او سٹیلائٹ ٹاون انسپکٹر سجاد اکبر، ایس ایچ او کینٹ کامران بخت، ایس ایچ او فیکٹری ایریا محمد اکبر ، ایس ایچ او ساجد شہید جسیم احمد اور انچارج محافظ اسکواڈ اسسٹنٹ سب انسپکٹر فہد بلال نے اپنی اپنی ٹیموں کے ہمراہ کامیاب ریڈ کرکے ڈکیتی،راہزنی،چوری، موٹرسائیکل چوری، مویشی چوری میں ملوث مختلف نوعیت کے سات گینگز کو ان کے سرغنائوں حسیب الرحمان، نوید مسیح، اقبال حسن، غلام عباس، ابوبکر صدیق، علی احمداور آئین خان سمیت28ملزمان کو گرفتارکرلیا۔

شہریوں کے لئے اذیت بنے گرفتار ملزمان کے خلاف ڈکیتی کے 2،رہزانی کے 14، کار چوری کے 3، موٹرسائیکل چوری کے21، مویشی چوری کے2اورودیگر وارداتوں کے مختلف تھانہ جات میں مقدمات درج ہیں۔ ملزمان کے قبضہ سے ناجائز اسلحہ، کاریں، موٹرسائیکلز، مویشی اور دیگر سامان سمیت لاکھوں روپے بھی برآمدکرلیے گئے ہیں۔

اس سلسلہ میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودہا محمد حسن رضا خان نے کہا کہ جرم کی نشاہدہی اوراس کو روکنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ کرپشن کو کسی صورت برداشت نہیں کیاجائے گا۔ میڈیا ریاست کا ستون ہے جس کے ساتھ مثالی تعلقات بنانے کی کوشش کریں گے۔ ڈی پی او سرگودہا نے ایس ایچ اوز، انچارج محافظ اسکواڈ اور ان کی ٹیموں کو ملزمان کے خلاف کارروائی پر شاباش دی اور تعریفی سرٹیفکیٹ و نقد انعام دینے کا اعلان کیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے ناسوروں کے خلاف کارروائی کے لئے عوام کو بھی چاہیے کہ وہ پولیس کا بھر پور ساتھ دیں۔ جب تک عوام پولیس کی پشت پر نہیں ہوں گے اس وقت تک مجرموں کے خلاف موثر کارروائی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ سے اشتہاریوں کی گرفتاری کے لئے بھی مہم شروع کی جا رہی ہے۔

پولیس کو معلوم ہوا ہے کہ علاقہ کے چند بااثر سیاسی وڈیروں نے اپنے ڈیروں پر ملک دشمن عناصر اور اشتہاریوں کو پناہ دے رکھی ہے، جن کے خلاف جلد ہی گرینڈ آپریشن شروع کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں اشتہاریوں کے ساتھ ساتھ ان کے پشت پناہوں کو بھی نہیں چھوڑا جائے گا۔

چاہے کوئی کتنا ہی بااثر ہو یا کتنا ہی سیاسی اثرو رسوخ رکھتا ہو اسے جیل کی سلاخوں کے پیچھے پہنچا کر ہی دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے لئے میرے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، وہ مسائل کے حل کے لئے بلا جھجک میرے پاس آئیں، اگر کوئی پولیس اہلکار ان سے رشوت طلب کرے تو وہ فوری طور پر مجھے مطلع کریں، جس اہلکار پر الزام ثابت ہو گیا نہ صرف اس کے خلاف مقدمہ درج کروایا جائے گا بلکہ اسے نوکری سے بھی فارغ کیا جائے گا۔

اب کرپٹ عناصر کی محکمہ پولیس میں کوئی گنجائش نہیں۔اس سلسلہ میں آر پی او سلطان احمد چوہدری نے کہا ہے کہ سرگودھا پولیس کو جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گینگز کی گرفتاری میں حصہ لینے والے تمام اہلکاروں کو نہ صرف انعامات سے نوازا جائے گا بلکہ انہیں حسن کارکردگی کے سرٹیفکیٹ بھی دیئے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں