فارنسک لیبارٹری ساحل سمندر کے قریب منتقل کرنے کا فیصلہ

نئی عمارت میں نمی سےحساس قیمتی آلات تباہ ہوجائینگے،منتقلی کا فیصلہ آلات تباہ کرنےاورغیرملکی ڈونرزکوبھگانے کےمترادف ہے.


Sajid Rauf June 09, 2013
فارنسک ڈویژن سندھ۔ فوٹو: ایکسپریس

سندھ پولیس کے محکمے فازنسک ڈویژن کو جیکسن تھانے کے قریب واقع نئی زیر تعمیر عمارت میں منتقل کرنے کے فیصلے پر فارنسک ڈویژن کے عملے میں تشویش کی لہر ڈور گئی،فارنسک ڈویژن کی عمارت اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ ایس آئی یو کو دی جارہی ہے منتقلی کے فیصلے سے غیر ملکی امدادی ادارے بھی تشویش میں مبتلا ہیں۔

فارنسک ماہرین کے مطابق جس مقام پر فارنسک لیباریٹری منتقل کی جا رہی ہے وہ مقام ساحل سمندر کے قریب ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کی وجہ سے کروڑوں روپے مالیت کے حساس فارنسک آلات کی خرابی کا خدشہ ہے،سندھ پولیس کے اعلیٰ افسران نے فارنسک ڈویژن سندھ کو جیکسن تھانے کے قریب واقع نئی زیر تعمیر عمارت منتقل کرنے کے فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں قائم مقام اے آئی جی فارنسک اشفاق عالم کو ہدایت کردی گئی ہے منتقلی کے فیصلے کے بعد فارنسک ڈویژن کے افسران اور اہلکاروں نے نئی عمارت کا معائنہ کرکے منتقلی کی تیاریاں شروع کردی ہیں دوسری جانب فارنسک ڈویژن سندھ کی منتقلی کے فیصلے نے غیر ملکی امدادی اداروں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے جن کے کروڑوں روپے کی امداد سے فارنسک ڈویژن سندھ میں مختلف سائونڈ پروف ، بلٹ پروف اور سینٹرل اے سی سمیت انتہائی اہم لیبارٹریاں قائم ہیں جہاں حساس نوعیت کے کئی قیمتی فارنسک آلات نصب ہیں جنھیں ایک مقام سے دوسرے مقام پر منتقل کرنا انتہائی مشکل مرحلہ ہوگا اور اس مرحلے میں قیمتی آلات کے ٹوٹ پھوٹ کا خدشہ ہے۔



جبکہ فارنسک ڈویژن میں غیر ملکی ڈونر کی مدد سے حال ہی میں20 لاکھ روپے کی مالیت سے فائرنگ چیمبر آپریشنل کیا گیا ہے جس میں5 ٹن سے زائد وزنی اسٹیل کا بلٹ ریکوری واٹر ٹینک بنایا گیا ہے جسے نئی عمارت میں دوسری منزل پر منتقل کرنا انتہائی مشکل ہوگا جبکہ فارنسک ڈویژن سندھ میں وہیکل ایگزامنیشن شیڈ بھی تیار ہے،ذرائع کے مطابق فارنسک ڈویژن کی منتقلی کا فیصلہ نہ صرف ڈویژن کو تباہ کرنے بلکہ غیر ملکی امدادی اداروں کی دی گئی امداد سے لگائے گئے آلات کو تباہ کرنے اور غیر ملکی ڈونرز کو بھگانے کے مترادف ہے، جس جگہ فارنسک ڈویژن منتقل کیا جا رہا ہے وہ مقام ساحل سمندر سے قریب ہونے کی وجہ سے وہاں نمی کا تناسب زیادہ ہے جو جدید آلات کو خراب کردے گا۔

فارنسک کے تمام آلات میں قیمتی لینس لگے ہیں اور ان لینس کی مالیت لاکھوں روپے ہوتی ہے نمی سے لینس فوری خراب ہو نیکاخدشہ ہے، فارنسک ڈویژن سندھ کو جس عمارت میں منتقل کیا جارہا ہے وہ بیرک نما عمارت لیباریٹریوں اور دیگر آلات کے لیے کارآمد نہیں ہے، قائم مقام اے آئی جی فارنسک ڈویژن اشفاق عالم نے اس حوالے سے بتایا کہ انھیں فارنسک ڈویژن کی منتقلی کی ہدایات مل گئی ہے تاہم نوٹیفکیشن موصول نہیں ہوا ہے انھوں نے بتایا کہ فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، رپورٹ آئی جی کو ارسال کی جائے گی جو منتقلی سے متعلق حتمی فیصلہ کریں گے ،سابق آئی جی فیاض لغاری کے دور میں بھی فارنسک ڈویژن کی منتقلی کا فیصلہ کیا گیا تھا جو بعدازاں موخر کردیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں