جرائم کے خاتمے کیلیے جدید ٹیکنالوجی فائدہ مند ہےکمشنر کراچی

جن اداروں نے سرویلنس کیمراسسٹم رائج کیا انھیں اسکا فائدہ پہنچ رہا ہے.


Staff Reporter June 09, 2013
انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین پر مشتمل فوکل گروپ قائم کر نے کا اعلان۔ فوٹو ایکسپریس

کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ ترقیاتی ممالک کی طرح امن وامان کے قیام، کرائم کو کنٹرول کر نے اور جرائم کے خاتمے کے سلسلے میں سرویلنس کیمرہ سسٹم سمیت دیگر جد ید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھایا جائے، جن اداروں نے یہ سسٹم رائج کیا ہوا ہے انھیں اس کا بھرپور فائدہ بھی پہنچ رہا ہے۔

وہ اپنے دفتر میں سیکیورٹی اینڈ سرویلنس کیمرہ سسٹم کے حوالے سے گورنر اسٹیٹ بینک کے نمائندے، بینکوں کے صدور کے نمائندوں، پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سربراہ، ڈی آئی جی ساؤتھ ، کے ایم سی اور پولیس انفارمیشن ٹیکنالوجی کے افسران و دیگر کے ساتھ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، کمشنر کراچی نے کہا کہ کرائم کنٹرول کے سلسلے میں سرویلنس کیمروں کا استعمال انتہائی مفید ہے مگر تمام اداروں بشمول بینک، پٹرول پمپس، صنعتی و تجارتی علاقے، تفریحی مقامات سمیت دیگر اہم مقامات پر کے ایم سی کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور پولیس کے تحت لگائے جانے والے سرویلنس کیمرہ سسٹم کا ایک دوسرے کے ساتھ منسلک ہونا نہایت ضروری ہے۔

انھوں نے اس موقع پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین پر مشتمل ایک فوکل گروپ قائم کر نے کا اعلان کیا جو کہ تمام اداروں کے مابین سرویلنس کیمرہ سسٹم منسلک کر نے کے سلسلے میں ایک ہفتے میں اپنی سفارشات پیش کریگا، انھوں نے کہا کہ گورنر اسٹیٹ بینک سے درخواست کی جارہی ہے کہ وہ سیکیورٹی انتظامات کو مستحکم کرنے کیلیے تمام بینک کی برانچزمیں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کو یقینی بنائیں، آئی جی سندھ سے بھی کہا جائے گا کہ پولیس کے کیمروں کے مانیٹرنگ سسٹم کو مزید بہتر اور فعال بنایا جائے، انھوں نے کہا کہ کے ایم سی سرویلنس کیمرے سسٹم کو مزید وسیع کر نے کے حوالے سے اقدامات کر رہی ہے امید ہے کہ اسے31 جولائی 2013تک مکمل کر لیا جائیگا، گورنر اسٹیٹ بینک اور مالیاتی اداروں کے سربراہان کے نمائندوں نے انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں