نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کی ٹرافی کی تقریب رونمائی

کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کی ٹرافی پیر کو اپنے اگلے سفر پر بنگلا دیش روانہ ہوجائے گی


Sports Reporter October 07, 2018
کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کی ٹرافی پیر کو اپنے اگلے سفر پر بنگلا دیش روانہ ہوجائے گی ۔ فوٹو : ٹویٹر

کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کی چمچماتی ٹرافی کی نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں رونمائی کردی گئی۔

پاکستان کے 6 روزہ ٹور کے تیسرے اور آخری مرحلے میں شہر قائد پہنچنے والی ٹرافی کی تقریب رونمائی نیشنل اسٹیڈیم میں قائم ہائی پرفارمنس سینٹر میں کی گئی۔

تقریب میں 1992 کے ورلڈ کپ کی فاتح پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین و سابق ٹیسٹ کپتان معین خان اور پی سی بی کے گورننگ بورڈ کے سابق رکن پروفیسر اعجاز فاروقی بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معین خان نے کہا کہ قومی ٹیم ایک مرتبہ پھر عالمی چیمپئین بننے کی صلاحیت رکھتی ہے تاہم اس کے لیے سخت محنت اور ہر طرح کے دباؤ سے بالاتر ہوکر کامیابی کی امنگ پیدا کرنا ہوگی، سابق کپتان اور وزیر اعظم عمران خان کی طرح سرفراز احمد بھی بہترین قائدانہ صلاحیتوں کے حامل ہیں، امید ہے کہ اگلا عالمی کپ سرفراز جیتیں گے۔

بعد ازاں ٹرافی کو موہٹہ پلیس لے جایا گیا، اس کے بعد ٹرافی کی فریئر ہال میں نمائش منعقد ہوئی، سب سے آخر میں ٹرافی کو معین خان خان اکیڈمی پہنچایا گیا جہاں پر اکیڈمی کے سیکڑوں بچوں سمیت شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

آئی سی سی کے پلان کے مطابق پیر کو ٹرافی کو کلفٹن کے شاپنگ سینٹر میں دوپہر ایک بجے سے رات 9 بجے تک نمائش کے لیے رکھا جائے گا، جس کے بعد سونے اور چاندی سے تیار کی جانے والی 29 کلو وزنی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کی ٹرافی پیر کو اپنے اگلے سفر پر بنگلا دیش روانہ ہوجائے گی۔

واضح رہے کہ انگلینڈ میں 30 مئی سے شروع ہونے والے عالمی کپ کی ٹرافی نے 27 اگست کو دبئی سے اپنے عالمی سفر کو آغاز کیا تھا جس کے دوران وہ 21 ممالک کے 60 شہروں کا سفر کرکے 19 فروری کو لندن پہنچ جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں